ملتان، 06 جون(اے پی پی): روٹری کلب مڈٹائون کے زیر اہتمام انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں طرف مبارک دوئم میں پولیو واک کی گئی جس کی قیادت پروفیسر اعظم خان، میاں وقاص فرید قریشی نے کی، اس موقع پر پروفیسر عنایت علی قریشی ، میاں وقاص فرید قریشی ، حاجی خلیل راں ، حسیب اعجاز بلوچ ، میڈم شبانہ ، شازیہ ظہور، ربنواز وینس ، میاں اویس فرید قریشی ، میاں اسید ، میاں احمداور پولیو ورکرز کی کثیر تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر پروفیسر اعظم خان ، ایجو کیشنل اینڈ سوشل فورم کے بانی وچیئرمین پروفیسر عنایت علی قریشی، چیف آرگنائزرمیاں وقاص فرید قریشی ، حاجی خلیل راں نے کہا کہ روٹری کلب مڈٹائون کی کوشش رہی ہے کہ پاکستان کو پولیو فری بنانا ہے والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں اور پولیو ورکرز کے ساتھ ہر ممکن طور پر تعاون کریں۔
انہوں نے کہاکہ ملتان میں تین روزہ پولیو مہم کے دورن 9 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے مزید جو بچے رہ گئے ہیں 2 روزہ فالو اپ مہم کے ذریعے پولیو ورکرز انہیں پولیو کے خطرے پلانے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کےلئے سو سائٹی اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہیں جوکہ قابل تحسین ہےانہوں نے کہاکہ وطن عزیز میں پولیو کا خاتمہ ایک قومی کاز ہے اسکے لئے انفرادی طور پر ہر شخص کو اپنے حصے کا کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز کو ہم سلام پیش کرتے ہیں جو اس شدید گرمی میں اپنے فرائض منصبی کو ادا کر رہے ہیں ، والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں کیونکہ یہ بچے ہمارا مستقبل ہیں ۔