ملتان، 27 جون(اے پی پی):مائیکرو ، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے عالمی دن کے موقع پر سٹیٹ بنک کے زیراہتمام سمینار منعقد ہوا جس میں جنوبی پنجاب کے تمام سٹیک ہولڈرز ، ٹریڈ باڈیز ، چیمبر آف کامرس ، اپوبوما ، سٹاراپس ، ٹریڈ اینڈ گورننگ باڈیز ، ایس ایم ای ، ٹڈاپ سمیت شہریوں کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر شرکاء نے کہا کہ ایس ایم ایز صرف اقتصادی ترقی ہی نہیں بلکہ معاشی عدم مساوات کم کرنے میں کردار ادا کرتے ہیں ، ایم ایس ایم ای کی ترقی اور فروغ کی بدولت معیشت میں بہتری کے ساتھ ساتھ روزگار کے بھی وسیع مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں ، اس ضمن میں سٹیٹ بینک چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی ترقی کیلئے عرصہ دراز سے اپنا کردار ادا کررہا ہے۔
چیف منیجر سٹیٹ بینک جاوید اقبال مارتھ نے سٹیٹ بنک کی منافع بخش سکیموں پر تفصیلی بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے صارفین گھر بیٹھے تمام بیکنگ سہولیات سے مستفید ہوسکتے ہیں۔
ممتاز صنعتکار خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے عالمی دن کی مناسبت سے سٹیٹ بنک کی طرف سے کئے گئے اقدامات بہت شاندار ہیں۔
چئیرمین اپوبوما سید عاصم شاہ نے ایس ایم ای کے حوالے سے حکومت کو مزید بہتر اقدامات کرنے کی تجاویز پیش کیں انہوں نے کہا برآمدات کے فروغ کیلئے اور ملکی معیشت کی بہتری کیلئے ایس ایم ای کو فروغ دینا ہوگا۔
صدر چیمبر آف کامرس میاں راشد اقبال نے کہا کہ آج کے کامیاب سمینار کے انعقاد پر سٹیٹ بینک کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اس موقع پر حکومت پاکستان سے اپیل کرتا ہوں کہ حکومتی اخراجات کم کرتے ہوئے ٹیکسز میں اضافہ ختم کیا جائے تاکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ حاصل ہو۔
اس موقع پر علاقائی تجارتی نمائش کے سلسلہ میں مختلف سٹالز بھی لگائے گئے تھے جن میں ملتانی کھسہ ، ایمبرائیڈری کپڑے ، ملتانی گلاس ورک ، فن خطاطی شامل تھے جبکہ کمرشل بنکوں کی طرف ایس ایم ای فنانسنگ کی آگاہی کیلئے بوتھ بھی لگائے گئے تھے –