اسلام آباد،12جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے اقدامات اور اصلاحات کے باعث معاشی حالات میں بہتری آئی ، آنے والے دنوں میں مہنگائی مزید کم ہونے کا امکان ہے۔
قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال 2024-25ء کی بجٹ تقریر میں وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ آج قدرت نے ملک کو ترقی کی راہ پر چلنے کا موقع فراہم کیا ہے ہم اس موقع کو ضائع نہیں کر سکتے، اپوزیشن حکومتی اقدامات میں تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ ہماری مالیاتی استحکام کی کوششیں ثمر آور ہو رہی ہیں،موجودہ حکومت کے اقدامات کے باعث ملک ناگہانی صورتحال سے نکل چکا ہے۔
وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ معاشی خود مختاری کی منزل حاصل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، معاشی ترقی کے لیے برآمدات کو فروخت دینا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے اندرون ملک اور بیرون ملک سے سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہوگا ۔
وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومتی اخراجات میں کمی مالیاتی خسارے کو کم کرنے کی حکمت عملی کا دوسرا اہم ستون ہے ، ہم غیر ضروری اخراجات کو کم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنشن کے نظام میں اصلاحات لارہی ہے، بی پی ایس 1 سے 16 کی تمام خالی آسامیوں کو ختم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
وفاقی وزیر سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ وفاقی حکومت کے حجم کو کم کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ،کمیٹی نے حکومتی ڈھانچے کا بغور جائزہ لے لیا ہے اور بہت جلد اپنی سفارشات کا بینہ کو پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو تیز کرنے اور برآمدات کو بڑھانے کے لیے ریگولرٹی فریم ورک کو آسان بنانا انتہائی اہم ہے ۔انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے نتیجے میں اگلی تین دہائیوں کی پنشن لائبیلٹی میں خاطر خواہ کمی ہوگی۔