موسمیاتی تبدیلیاں، بلوچستان میں ملک کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں زیادہ خدشات اور خطرات ہیں،گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل

19

 

کوئٹہ 10 جون: (اے پی پی)گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے بیوٹمز یونیورسٹی میں انٹرنیشنل اینوائرنمنٹ ڈے کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر بلوچستان ملک کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں زیادہ خدشات اور خطرات سے مخاطب ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلوبل وارمنگ دراصل پوری دنیا کیلئے گلوبل وارننگ ہے، بدقسمتی سے آج تک ہم کلائیمٹ چینج کے منفی اثرات نمٹنے کیلئے کوئی جامع حکمت عملی وضع نہ کر سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیوٹمز یونیورسٹی تکتو کیمپس میں انٹرنیشنل اینوائرونمنٹ ڈے کی مناسبت سے منعقدہ ایک روزہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور کراچی سے آئے ہوئے ریسرچرز سمیت متعدد ماہرین نے مقالے پیش کیے۔اس موقع پر گورنر ایڈوائزر ٹو چیف منسٹر نسیم الرحمٰن ملاخیل، وائس چانسلر صاحبان، اراکین اسمبلی اور صوبائی سیکرٹریز سمیت یونیورسٹی پروفیسرز اور اسٹوڈنٹس کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

 سیمینار کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ پورے صوبے میں پانی کی گرتی ہوئی سطح گمبھیر صورتحال کی شکل اختیار کر چکی ہے زیر زمین پانی کی سطح بلند کرنے کیلئے چھوٹے بڑے ڈیموں کی تعمیر کی اشد ضرورت ہے۔ بلوچستان میں ماحولیات اور قدرتی آفات کے حوالے سے کئی مشکلات درپیش ہیں اس سلسلے میں متعلقہ حکومتی اداروں کے ساتھ انٹرنیشنل این جی اوز کی مدد اور رہنمائی لازمی ہے۔ گورنر بلوچستان نے ماحولیات کے ماہرین اور ریسرچرز پر زور دیا کہ اپنی تحقیقات اور تخلیقات کو آسان اور سادہ زبان میں عام آدمی کو ذہن نشین کرائیں اور اپنی ماحول دوست سرگرمیوں کو ڈویژن اور ڈسٹرکٹ کی سطح تک وسعت دی جائیں، ہمارے معاشرے میں ایسے افراد موجود ہیں جو گلوبل سطح پر سوچتے ہیں اور مقامی طور پر عمل کرتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ اجتماعی مسائل کا پائیدار حل اجتماعی کاوشوں سے ہی ممکن بنایا جا سکتا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے کیلئے فوری طور پر ایک جامع حکمت عملی کی اشد ضرورت ہے۔

 آخر میں گورنر بلوچستان نے سیمینار میں موجود تمام مہمانان گرامی، ماہرین، محققین اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ تحفظ ماحولیات اور جنگلی حیات کے سلسلے گورنر ہاوس کا خصوصی تعاون ہمیشہ آپ کے ساتھ رہے گا۔