میرپورخاص، 27جون( اے پی پی): میرپورخاص ڈویژن کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سخت گرمی حبس کے بعد پہلی مون سون کی بارش نے جہاں گرمی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے ستائے شہریوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دی ہیں وہاں شہر کے مرکزی رستوں اور گلیوں میں بارش کے پانی نے تکلیف میں مبتلا کردیا۔
مون سون کی بارش قبل انتظامیہ کی جانب سے پران ڈھورو، سیم نالوں اور نکاسی آب کی جگہ پر قبضوں صفائی کا بندوبست نہ کرنے سے آئندہ بارشوں سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوسکتا ہے۔
اس بارش سے فصلوں اور پیاسی زمین کی کافی ضرورت پوری ہوگی ۔ بارش کے بعد کمشنر میرپورخاص ڈویژن فیصل احمد عقیلی، ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان اور میئر میونسپل کارپوریشن میرپورخاص عبدالروف غوری نے شہر بھر کا دورہ کیا اور نکاسی آب کے کاموں کا جائزہ لیا۔
کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی نے اے پی پی کو بتایا کہ مون سون بارشوں کے پیش نظر ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے۔ سیم نالوں پران ڈھورو سمیت مختلف نہروں کی انسپیکشن کی جارہی ہے ریونیو ایریگیشن، میونسپل عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔