اسلام آباد،27جون (اے پی پی): نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان میں منظور ہونے والی قرارداد پر دفتر خارجہ نے ردعمل دے دیا ہے، قومی اسمبلی میں بھی بجٹ کی منظوری کے بعد اس حوالے سے قرارداد لائیں گے، پاک ایران گیس منصوبے سمیت خارجہ پالیسی کے حوالے سے ایوان کو بریفنگ دینے کیلئے تیار ہیں۔
جمعرات کو قومی اسمبلی میں وزارت خارجہ کے مطالبات زر پر اپوزیشن کی کٹوتی کی تحاریک پر بحث کو سمیٹتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کٹوتی کی تحاریک کا مقصد ہی یہی ہوتا ہے کہ موضوع کو زیر بحث لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ارکان کی طرف سے اس تجویز کا خیر مقدم کرتے ہیں کہ خارجہ پالیسی کے حوالے سے ایک الگ سیشن ہو، ہم خارجہ پالیسی کے حوالے سے مکمل بریفنگ دینے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز دفتر خارجہ نے امریکی ایوان نمائندگان میں منظور ہونے والی قرارداد پر اپنا ردعمل دے دیا ہے۔ بجٹ کی منظوری کے بعد ہم بھی اس قرارداد کے حوالے سے ایک قرارداد لائیں گے۔
انہون نے کہا کہ حکومت نے مسئلہ فلسطین، کشمیر، اسلامو فوبیا اور سوشل میڈیا پر نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس کے بارے میں گستاخانہ مواد کے حوالے سے او آئی سی سمیت ہر فورم پر آواز بلند کی ہے، پاکستان موجودہ معاشی صورتحال سے نکلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، اس میں کچھ وقت لگے گا ہم اس صورتحال سے باہر نکل آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کہنا درست نہیں کہ پاکستان تنہائی کا شکار ہو رہا ہے، ہماری خارجہ پالیسی درست سمت میں ہے، چند سالوں میں سی پیک منصوبہ جو کھٹائی میں پڑ گیا تھا وزیراعظم شہباز شریف نے نہ صرف اس منصوبے کو بحال کرانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے بلکہ یہ اپ گریڈ کیا جا رہا ہے چین کی حکومت نے حالیہ دنوں میں اپنا ایک انتہائی اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان بھیجا۔
انہوں نے کہا کہ میرا موقف ہے کہ روایتی ڈپلومیسی کی بجائے اکنامک ڈپلومیسی کو آگے بڑھائیں گے، پاکستان میں 10 ٹریلین ڈالر کے وسائل موجود ہیں، پاکستان اب بھی اس صورتحال سے باہر نکلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، ہمارا وژن اور سمت واضح ہے۔ اب بھی کچھ وقت لگے گا ہم اس صورتحال سے باہر نکل آئیں گے۔