نظام میں بہتر تبدیلی لائے بغیر آرام سے نہیں بیٹھوں گی،عوام کو مایوس نہیں کروں گی، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا پنجاب اسمبلی کے اختتامی بجٹ سیشن سے خطاب

11

لاہور28 جون:( اے پی پی ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہاہے کہ پنجاب کے عوام سے وعدہ ہے کہ آپ کی وزیراعلیٰ مایوس نہیں کرے گی۔ نظام میں بہتر تبدیلی لائے بغیر آرام سے نہیں بیٹھوں گی۔پنجاب میں ایک بھی تقرری میرٹ کے خلاف نہیں ہوئی۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب اسمبلی کے اختتامی بجٹ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بس کریں پاکستان کو چلنے دیں،اپوزیشن والے بھی میرے بہن بھائی ہیں۔بجٹ سے اپوزیشن بھی خوش ہوں گے کہ پنجاب کی عوام پر پہلی بار کوئی ٹیکس نہیں لگا ہے۔ اپوزیشن کو انشاء اللہ ہم اپنی پرفارمنس سے مات دیں گے۔سر جھکا کر شکر ادا کرتی ہوں کہ اللہ تعالیٰ نے یہ شرف میرے نصیب میں لکھا،پہلے والوں کی نا اہلی کا رونا نہیں روؤں گی جب کرپشن عام تھی اور رشوت کے بغیر کوئی فائل نہیں چلتی تھی، میں اپنے 100 دن کی کارکردگی عوام کے پاس لے کر آئی ہوں۔

 انہو ں نے کہاکہ پیپلز پارٹی، چودھری شافع حسین اور تمام اتحادیوں کا میرٹ کو یقینی بنانے میں سپورٹ پر شکریہ ادا کرتی ہوں ،کسان کسی شرپسند کی باتوں میں نہ آئیں۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ  10 ارب روپے کی لاگت سے پورے پنجاب میں لیپ ٹاپ سکیم کا آغاز کر رہے ہیں۔ گوگل انٹرنیشنل ہر سال تین لاکھ سے زائد بچوں کو ڈیجیٹل سکلز کی ٹریننگ دے گا۔بچوں کو ٹیکنالوجی کی تعلیم دینے کے لیے پہلی بار مڈل ٹیک، میٹرک ٹیک اور انٹر ٹیک پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں۔ دنیامیں پڑھائے جانے والے نئے ڈسپلنز متعارف کروا رہے ہیں -مشین لرننگ،آرٹیفیشل انٹیلی جنس،ای مرچنڈائزنگ اور سٹارٹ اپس سکل ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کیا ہے۔ چار ہزار بچوں کو اس پروگرام سے آئی ٹی کی جدید تعلیم دی جا رہی ہے۔پنجاب کے ہر ڈسٹرکٹ میں کھیل کے مقابلے ہوں گے جس کو پنجاب کی سطح پر انعامات دیے جائیں گے -سکول کے سپورٹس گراؤنڈز کو کمیونٹی سپورٹس گراؤنڈ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب میں کم از کم اجرت 37 ہزار روپے کر دی ہے -کم ازکم اجرت کا صرف اعلان نہیں کیا بلکہ ایسا نظام لا رہے ہیں کہ ہر مزدور کوپوری اجرت ملے -مزدور بچوں کے لیے بھی سکل ڈیویلپمنٹ کا پروگرام لا رہے ہیں، تعلیم اور سرٹیفکیٹ دئیے جائیں گے، پروگرام میں پلمبر، نرسنگ، الیکٹریشن، ٹائل فکسرز اور ہوٹل انڈسٹری سے متعلق کورس شامل ہیں ۔ مریم کی دستک پراجیکٹ کو تین ماہ میں مزید65 سروسز کو شامل کریں گے اور ہر ڈسٹرکٹ میں شروع ہوگی۔پنجاب کے تمام اضلاع میں معذور افراد کے لیے سینٹر آف ایکسیلنس بنارہے ہیں، آٹزم سینٹرز بھی ہوں گے۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے طویل تاریخی خطاب میں موجودہ پنجاب حکومت کی گزشتہ عمدہ کارکردگی پر روشنی ڈالی اور پنجاب حکومت کی جانب سے عوام کے لئے جاری کردہ ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کے حوالے سے دیگر اہم اقدامات سے متعلق بتایا ۔