نوشہرو فیروز میں آئندہ مون سون 2024 کی تیاریوں کے حوالے  اہم اجلاس کا انعقاد

34

نوشہروفیروز،07 جون( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز محمد ارسلان سلیم  نے مون سون 2024 کی تیاریوں کے سلسلے میں چیف سیکرٹری سندھ کے ساتھ اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے تمام ممبران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اس سال ضلع نوشہروفیروز میں شدید بارشوں اور سیلاب کی پیشگوئیاں کی جارہی ہیں ، سیلاب اور بارشوں کی صورت میں مطلوبہ انتظامات جلد مکمل کئے جائیں۔

چیف سیکرٹری نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ممکن بارشوں اور سیلاب کے پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ آبپاشی کے ایسکیئن کو ہدایت کی کہ دریائے سندھ کے حفاظتی بندوں کے مرمتی کام کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ نوشہروفیروز ضلع میں بکھری اور کوڑی جا بھان کے مقامات حساس پوائنٹ ہیں وہاں مطلوبہ مشینری اور مطلوبہ اشیا پہنچائی جائیں۔ انہوں  نے میونسپل کمیٹیوں اور ٹاؤن کمیٹیوں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہروں سے برساتی نالوں اور نالیوں کی صفائی کا عمل مکمل کریں اور تمام ڈرینج اسکیموں پر قائم پمپنگ اسٹیشنوںکو فعال رکھیں۔ ممکنہ سیلاب کی صورت میں امدادی سامان کی فہرست تیار کی جائیں گی۔انہوں  نے محکمہ صحت کے ضلعی آفیسر کو ہدایت کی کہ وہ ڈاکٹروں عملے ، ادویات ، ایمبولینس اور میڈیکل کیمپ کے انتظامات مکمل رکھیں۔ تمام محکموں کے افسران  سیلاب اور برساتوں میں  مطلوبہ ضروریات کی فہرست تحریری طور پر جمع کرائیں۔ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کے افسران کو ہدایات کیں کہ بارشوں اور سیلاب کی صورت میں ٹریفک کی روانی کے لئے پلان تیار رکھا جائے۔انہوں نے محکمہ آبپاشی کے افسران کو ہدایت کی کہ حساس مقامات ریت کے تھیلوں کی وافر مقدار پہنچائی  جائے۔ انہوں  نے سیپکو حکام کو ہدایت کی کہ وہ بارشوں کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں۔ سیلاب کی صورتحال میں ڈیزل جنریٹر ناکافی ہوتے ہیں اس لئے سیلابی صورتحال کے دوران بجلی کی فراہمی کے بہتر انتظامات کئے جائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے برساتی نالوں سے ناجائز قبضے ختم کرانے کے لئے آپریشن کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ سیکورٹی کے بہتر انتظامات کریں۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ پبلک ہیلتھ اور بلدیاتی اداروں کے نالوں  اور ڈرینج ڈسپوزلز کی نگرانی کریں اور متعلقہ سطح پر امدادی کیمپ قائم کرنے کے لئے  محکمہ تعلیم کے افسران سے مل کر لسٹ تیار کریں۔انہوں نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ کے افسران کو ہدایت کی کہ شہروں سے نکاسی آب کے لئے ڈرینج ڈسپوزلزکی اسکیموں پر کام کو تیز کریں۔