اسلام آباد،28 جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور پر اہم اجلاس جمعے کو وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت میں ایف بی آر کا کلیدی کردار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مل جل کر ملکی ترقی کے لئے کام کرنا ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایف بی آر کے مختلف عدالتوں اور ٹریبونلز میں زیر التوا کیسز کے حوالے سے بہترین وکلاء کی خدمات حاصل کی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر میں جاری اصلاحات اور محصولات کےحوالے سے ہفتہ وار جائزہ اجلاس کی صدارت خود کروں گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹیکس سے متعلق مقدمات کو جلد نمٹانے کیلئےان لینڈ ریونیو ایپیلیٹ ٹریبیونلز کے ساتھ کسٹمز ایپیلیٹ ٹریبیونلز کا قیام بھی عمل میں لایا جائے۔ وزیراعظم نے ایف بی آر کے اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران کے لیے اعزاز دینے کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایپیلیٹ ٹریبیونلز ان لینڈ ریونیو کے قیام کے حوالے سے کام کو آغاز ہو چکا ہے؛ان ٹریبیونلز میں ججز کی تعیناتی کے حوالے سے شفاف تحریری امتحان کا انعقاد کیا جائے گا۔
اجلاس میں وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان،اراکین قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی، بیرسٹر عقیل ملک،بیرسٹر دانیال چوہدری،وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل، چیئر مین ایف بی آر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔