شینزین، 04 جون (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہبازشریف نے شینزین میونسپل کمیٹی کے پارٹی سیکرٹری مسٹر مینگ فانلی اور گوانگ ڈونگ صوبائی کمیٹی کے ڈپٹی پارٹی سیکرٹری سےمنگل کی شام یہاں ملاقات کی۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان گہرے تعلقات ، قیادت کی سطح پر متواتر ملاقاتوں ، عوام سے عوام کے روابط، ثقافتی اور تعلیمی تبادلے کی وجہ سے ہیں ۔
وزیر اعظم نے گوانگ ڈونگ صوبے کی متاثر کن اقتصادی ترقی اور مثالی اختراعی جذبے کو سراہتے ہو ئے شینزین کو پاکستان کے ساتھ چین کے تجارتی روابط کے لیے تجارتی گیٹ وے قرار دیا۔
پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کی توثیق کرتے ہوئے دونوں فریقین نے پاکستان اور گوانگ ڈونگ صوبے کے درمیان خاص طور پرسی پیککے تحت تعاون بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور پارٹی سیکرٹری مینگ نے سائنس و ٹیکنالوجی، اختراعات اور تجارتی و اقتصادی تعاون میں شراکت داری کے حقیقی امکانات کو بروئے کار لانے کے لیے سائنسدانوں، اختراع کاروں اور تاجروں کے درمیان مضبوط روابط اور تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں فریقین نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ کل منعقد ہونے والی پاک چین بزنس کانفرنس اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔