وزیراعلیٰ مریم نواز کا عوام کو صحت کی مساوی سہولیات کی فراہمی کیلئے” وزیراعلی گرینڈ ہیلتھ پیکیج” کا اعلان

22

لاہور،11جون  (اے پی پی):پنجاب میں ہر شہری کو صحت کی عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے بڑے منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ شہروں اور دیہات میں رہنے والے عوام کو بلاامتیاز صحت کی مساوی سہولیات کی فراہمی کے لئے وزیراعلی مریم نواز نے گرینڈ ہیلتھ پیکیج کا اعلان کر دیا۔ وزیر اعلی نے دور دراز علاقوں کے مراکز صحت اور ہسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کے لئے سپیشل الائونس دینے کی منظوری دے دی۔

 وزیراعلی کی زیرصدارت صحت عامہ پر خصوصی پلان پرتین گھنٹے طویل جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔پنجاب کے ہر ڈویژن میں صحت کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے مارچ 2025  تک صوبے کے تمام بنیادی اور دیہی مراکز صحت میں عالمی معیار کے مطابق خدمات کی فراہمی کا ٹاسک دیا اورجون2025 تک پنجاب کے تمام بڑے ہسپتالوں کی تعمیر ومرمت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعلی پنجاب نے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کی تعمیر جلد ازجلد شروع کرنے کی ہدایت کی۔

 اجلاس میں بھکر میں قطری ہسپتال میں کینسر ہسپتال اور راجن پور میں بڑا ہسپتال قائم کرنے کی تجویز پربھی اتفاق کیا گیا۔انہوں نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے دوسرے مرحلے کو جلد مکمل کرکے فعال بنانے کی ہدایت کی۔

 اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ46ارب روپے کی لاگت سے  سرکاری کینسر ہسپتال کے پہلے مرحلے کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔انہوں نے نوازشریف کینسر ہسپتال کے پہلے مرحلے میں بستروں کی تعدادکو 100 سے بڑھا کر150کرنے کی ہدایت کی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہسپتال میں کینسر کئیر کلینک، عالمی معیار کی سہولیات اور ڈاکٹر ز کے علاوہ ان کی رہائش گاہیں بھی بنائی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں بستروں کی تعداد 280سے بڑھائی جاسکے گی۔ مریضوں کے لواحقین کی سہولیات اور قیام کیلئے سرائے، سولر شیڈ پارکنگ اور ریستوران بھی تعمیر کیا جائے گا۔

 اجلاس میں پنجاب میں پہلا بون میرو ٹرانسپلانٹ کا عالمی معیار کا خصوصی ہسپتال کے قیام کی تجویز پر بھی غورکیا گیا۔ پنجاب میں فری انسولین پروگرام کے آغاز، سملی ٹی بی ہسپتال کو جنرل ہسپتال میں تبدیل کر نے اور انجیو گرافی سروسز کی آئوٹ سورسنگ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ہر ضلع میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت میڈیکل کالج قائم کرنے پر بھی غور کیا گیا،50فیصد طلبا سرکاری میرٹ پر داخل ہوں گے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مراکز صحت اور ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے جبکہ فیلڈ ہسپتالوں میں مریضوں کی سہولت کیلئے خصوصی لفٹ نے کام شروع کردیا ہے۔

 بریفنگ میں بتایا گیا کہ بنیادی اور دیہی مراکز صحت میں ڈیجیٹل ریکارڈ کیلئے ای ایم آر سسٹم کی تنصیب مکمل کر لی گئی۔ مریم نواز نے سیکرٹری ہیلتھ کوہسپتالوں میں دستیاب سہولتوں اور مریضوں کے رش کا تعین کرنے،صحت کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے اورخدمات کی فراہمی کی مسلسل نگرانی کا جامع نظام قائم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے گورنمنٹ داتا دربار آئی ہسپتال کو اوقاف کے سپرد کرنے کی منظوری دی۔انہوں نے منصو بوں کی تکمیل سے متعلق ٹائم لائن مرتب کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں کا معیار مثالی ہونا چاہیے، کوئی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی جبکہ پنجاب کی ہر تحصیل میں فیلڈ ہسپتال کی سہولت فراہم ہونی چاہیے۔

سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری،وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سمیت دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر ہیلتھ خواجہ عمران نذیر ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔