لاہور، 15 جون(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے بار کونسلز کے ارکان نے ملاقات کی اور سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتیں بحال کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز سے بار کونسلز کی اپیکس باڈیز کے ارکان نے ملاقات کی، ملاقات میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارر اور احسن بھون بھی موجود تھے، وزیر اعلیٰ نے وکلاء کی فلاح وبہبود کیلئےگرانٹ ایک ارب تک بڑھانے اور خاتون وکلا کیلئے بار کونسل میں مخصوص ہال اور ڈے کئیر سنٹر قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے اٹک میں 2 وکلا کے قتل کی اطلاع پر وزیر اعلیٰ مریم نواز نے گہرے رنج و دکھ کا اظہار کیا، وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا، مریم نواز نے بار کونسل ایکٹ اور لائیرز پروٹیکشن ایکٹ کے تحت ملزم کیخلاف مقدمہ چلانےکی ہدایت کردی، انہوں نے بار کونسل کےعہدیداران سے وکلاء کے قتل پر تعزیت بھی کی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب بار کونسل کے دورے کی دعوت بھی قبول کی، وزیراعلیٰ نے پنجاب بار کونسل کو 5 کروڑ ، بہاولپور، ملتان بار کیلئے 1، 1 لاکھ گرانٹ کے چیک دئیے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ قانون کی بالادستی کے لئے وکلا برادری کی جدو جہد قابل تحسین ہے۔ قانون کی حکمرانی اور فرد کی انصاف تک مساوی رسائی یقینی بنانے کے لیے بھرپور معاونت کریں گے۔ عدالتی نظام کی کارکردگی بڑھانے اور انصاف کی بروقت فراہمی کیلئے حکومت انتظامی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی۔ بار وفد سے ملاقات میں صوبائی حکومت اور وکلا برادری کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں منصفانہ اور موثر قانونی نظام کے اجتماعی مقصد کو آگے بڑھانے کی کاوشوں کو سراہا۔
سینیٹر پرویز رشید،،سینئر منسٹر مریم اورنگزیب،صوبائی وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری،صوبائی وزیر قانون صہیب احمد بھرتھ، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان ،پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفرڈال، ایڈوکیٹ جنرل اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
حبیب شاہ