وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف پانچ روزہ تاریخی اور کامیاب دورہءِ چین مکمل کرکے پاکستان روانہ

14

شی-آن،8جون (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اپنا پانچ روزہ تاریخی اور کامیاب دورہءِ چین مکمل کرکے پاکستان روانہ ہوگئے،پاکستان روانہ ہوتے وقت شانشی صوبے کے نائب گورنر چَھن چُھن جیانگ، اعلی چینی و پاکستانی سفارتی اہلکاروں نے وزیرِ اعظم  کو الوادع کیا۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا پانچ روزہ دورہءِ چین پاکستان اور چین کے تعلقات کی مضبوطی، دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات و اسٹریٹجک شراکت داری اور سی پیک کے دوسرے مرحلے کے آغاز کے حوالے سے اہم سنگ میل ثابت ہوا۔

دورے کے حوالے سے  گفتگو  کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حالیہ دورہ چین پاکستان اور چین کے دو طرفہ تعلقات میں ایک نئی جہت کا اضافہ ہے۔چینی قیادت  شی جن پنگ اور پریمئیر لی چیانگ کا مہمان نوازی پر دل سے مشکور ہوں،پاکستان اور چین کی دوستی لازوال اور بے مثال ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت چینی کاروباری شخصیات و سرمایہ کاروں کی پاکستانی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں سے ملاقات ہوئی،چین کی انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، معدنیات و دیگر شعبوں میں ترقی قابل تقلید ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ چین اور پاکستان کی اقتصادی شراکت داری سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہونگے۔حالیہ دورہ چین کے دوران ہونے والی مثبت پیش رفت کے اثرات طویل مدت تک قائم رہیں گے۔