کوئٹہ۔ 12 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے بدھ کو یہاں مشیر برائے ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کی قیادت میں یو این ایف اے پی اے کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی ۔
یو این ایف پی اے پاکستان کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر لووئے شبانے نے بلوچستان میں جاری پروگرامز سے متعلق وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پاپولیشن سے متعلق طے اہداف کا جائزہ لینے اور پیش رفت سے متعلق صوبائی پاپولیشن ٹاسک فورس تشکیل دینے کی ہدایت کی ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دوران زچگی زچہ و بچہ کی شرح اموات پر قابو پانے کیلئے یو این پی اے اور متعلقہ غیر سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر موثر اقدامات اٹھائیں گے ۔ میر سرفراز بگٹی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں صحت کے شعبے میں اصلاحات لائی جاررہی ہیں اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جاررہی ہے ، عوام کو صحت کی معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے دیرپا اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے ۔
یو این ایف پی اے کے وفد نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایس ڈی جیز اہداف کے مطابق پاکستان کی آبادی میں توازن کے لئے مشترکہ اقدامات کے تحت حکومت بلوچستان اور یو این ایف پی اے باہمی تعاون کو جاری رکھیں گے ۔ اس موقع پر یو این پی اے بلوچستان کے سربراہ ڈاکٹر سرمد سعید بھی موجود تھے۔