وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں عوام تک صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں؛صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق

18

لاہور،08 جون (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز  کی قیادت میں عوام تک صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔

ان خیالات کا  اظہار  انہوں نے  کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں پہلی بین الاقوامی گائناکولوجیکل کانفرنس  سے  بطور مہمان خصوصی  خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس کا مقصد ماں بچے کی صحت اور نومولود بچوں کی شرح اموات میں واضح کمی بارے آگاہی اور تربیت دینا تھا۔وزیر صحت نے کانفرنس میں لگے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور کاوش کو سراہا۔

خواجہ سلمان رفیق نے پہلی بین الاقوامی گائناکولوجیکل کانفرنس کے انعقاد پر وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز اور پروفیسر عظمی حسین کو مبارکباد دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے پہلی بین الاقوامی گائناکولوجیکل کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ایک بار پھر پنجاب کی عوام کی خدمت کا موقع دیا ہے۔ اس ملک کی بہتری کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں سو فیصد میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ماں اور بچے کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے نظام میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

 صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حال ہی میں ہم نے سو فیصد میرٹ پر پرنسپلز اور ایم ایس حضرات کی تعیناتی کی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے نزدیک خدمت انسانیت کا بہت بڑا اجر ہے۔ ہم عوامی نمائندے اور پالیسی میکرز ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں عوام تک صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ کرپٹ عناصر کی نشاندہی کر کے محکمہ صحت سے نکال رہے ہیں۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ صحت کارڈ کو بہتر شکل میں لانچ کر رہے ہیں۔ پنجاب کے تمام کارڈیالوجی ہسپتالوں کی استدکار بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں اور نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے اصلاحات لا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی پاکستان کی ترقی میں حائل ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایسی بین الاقوامی سطح کی کانفرنسز میں سیکھنے کا بہت موقع ملتا ہے۔

وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے کہا کہ ایک عورت کی مکمل صحت ایک صحت مند معاشرے کی ضمانت ہے۔ ہمارا مقصد اندرون لاہور کی آبادی کو پینے کا صاف پانی مہیا کرنا، فارمولا دودھ کی فراہمی اور خواتین کے پوشیدہ امراض کا تدارک کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کا اعادہ کرنا ہے کہ ماں بچے کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز، پروفیسر عائشہ صدیقہ، پروفیسر محمد طیب، پرنسپل جنرل ہسپتال لاہور پروفیسر سردار الفرید ظفر، پروفیسر محمد ارشد چوہان، پروفیسر عائشہ ملک، پروفیسر تابندہ رانا، سعدیہ احسن، پروفیسر سیدہ بتول، پروفیسر شمسہ ہمایوں، پروفیسر عالیہ وسیم، فریحہ فاروق، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر اصغر نقی، پروفیسر ابرار اشرف، نبیلہ شامی، ندرت سہیل، پروفیسر فرحت ناز، پروفیسر فوزیہ امبر، پروفیسر سمیرا اسلم اور دیگر نے شرکت کی۔