وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان سےپرنس رحیم آغا خان کی ملاقات

34

 

گلگت ،9جون  (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حاجی گلبر خان سے پرنس رحیم آغا خان نے  ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے گلگت  بلتستان آمد پر پرنس رحیم آغا خان اور ان کی ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پرنس کریم آغا خان اور ان کے خاندان کی گلگت  بلتستان کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار رہاہے۔ پرنسز زہرا آغاخان کے دورے کے فوراً بعد آپ کی گلگت  بلتستان آمد اس علاقے سے محبت اور دلچسپی کی عکاسی کرتی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گلگت  بلتستان میں  تعمیر و ترقی کے سفر کو آگے بڑھانے میں آپ کا تعاون درکار ہے،  خصوصاً پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں اے کے ڈی این کے تحت جاری پروگرامز کو وسعت دینے کی ضرورت ہے تاکہ ان علاقوں میں بھی صحت، تعلیم جیسے بنیادی مسائل حل کرنے اور عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جاسکے۔ گلگت  بلتستان میں صحت، تعلیم کے علاوہ پاور سیکٹر میں بھی آپ کا خصوصی تعاون درکار ہے، یہاں  پاور کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں،  اس شعبے میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور اے کے ڈی این کے تحت بجلی کے منصوبوں میں توجہ دینے سے گلگت  بلتستان میں جاری بجلی بحران پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔

 اس موقع پر پرنس رحیم آغا خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گلگت  بلتستان میں حالیہ تین دنوں کے دوران صحت، تعلیم اوردیگر اہم منصوبوں کا معائنہ کیا ہے، مستقبل میں جن شعبوں کی نشاندہی آپ نے کی ہے ان پر خصوصی توجہ دیں گے اور اے کے ڈی این کے پروگرامز کو گلگت  بلتستان کے تمام اضلاع خصوصاً پسماندہ اور دوردراز علاقوں تک وسعت دیں گے۔ آئندہ دورے کے موقع پر گلگت  بلتستان کے پسماندہ علاقوں کا خود دورہ کروں گا، بہت جلد پسماندہ علاقوں میں اے کے ڈی این کے تحت صحت اور تعلیم کے منصوبے شروع کریں گے، بین الاقوامی سیاحت کے فروغ کے حوالے سے بھی کردار ادا کریں گے۔

پرنس رحیم آغاخان نے ان کے ساتھ موجود اے کے ڈی این کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان نے جن علاقوں کے حوالے سے مختلف شعبوں کی نشاندہی کی ہے ان میں کام کرنے کیلئے جلد پلان تیار کریں۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ  کے ہمراہ صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ راجہ ناصر علی خان، صوبائی وزیر سیاحت و خوراک غلام محمد، صوبائی وزیر صحت راجہ اعظم خان بھی موجود تھے۔