لاہور؛ 17 جون(اے پی پی): وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی ذیشان ملک نے عیدالاضحیٰ کے پہلے روز لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔کمشنر زید بن مقصود، ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر، سی او ایم سی ایل علی بخاری بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
صوبائی وزیر نے صوبائی دارالحکومت میں عیدالاضحٰی کے لئے صفائی انتظامات کا جائزہ لیا اور لاہور کے مختلف علاقوں کی مانیٹرنگ کا عمل سکرین پر دیکھا۔ایس پی سیف سٹی محمد شفیق نے صوبائی وزیر کو انتظامات پر بریفنگ دی۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت کے مطابق کولیکشن پوائنٹس کی نگرانی ہو رہی ہے، شہر میں الائشوں کو ٹھکانے لگانے کا کام بلاتعطل جاری ہے، ذیشان رفیق نے کہا کہ ریلوے پٹڑیوں کی جانب خصوصی توجہ دی جائے، فیلڈ ٹیمیں ایک علاقہ صاف کرنے کے بعد بھی وہاں نظر رکھیں۔
صوبائی وزیر نے لبرٹی سکوائر پر آگاہی کیمپ اور قذافی سٹیڈیم پوائنٹ کا بھی دورہ کیا ، ایل ڈبلیو ایم سی کے سی ای او بابر صاحب دین نے صوبائی وزیر کو عید پلان پر بریفنگ دی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ الحمدللہ صفائی پلان کے عین مطابق کام کر رہا ہے، یہ سب ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، صرف لاہور نہیں پورے پنجاب میں وزیراعلیٰ کے ویژن کے مطابق کام ہو رہا ہے۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ لاہور میں چودہ لاکھ سے زیادہ ماحول دوست بیگ تقسیم کئے گئے ہیں۔ کسی بھی شکایت پر 30 منٹ کے اندر ایکشن لیا جا رہا ہے، وزیر بلدیات پنجاب نے کہا کہ اس دفعہ غیرقانونی مویشی منڈیوں کی سختی سے حوصلہ شکنی کی گئی، صرف سرکاری سیل پوائنٹس پر نو پرافٹ نو لاس کی بنیاد پر خدمات مہیا کیں، ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی نگرانی میں پچھلے سال سے زیادہ بہتر کام ہو رہا ہے، ستھرا پنجاب ویژن کے مطابق صفائی کا کام مسلسل جاری ہے، سخت گرمی میں عوام کو سہولیات فراہم کرنے والے ورکر ہمارے ہیروز ہیں۔صوبائی وزیر اور معاون خصوصی نے ورکرز میں مٹھائی بھی تقسیم کی۔