اسلام آباد,27جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات احسن اقبال سے ایئر یونیورسٹی کے وائس چانسلر عبدالمعید خان نے ملاقات کی۔
احسن اقبال نے کہا کہ نیشنل سینٹر فار ایکسیلنس ان سائبر سکیورٹی( جو 2018 میں بنایا گیا)سائبر سکیورٹی کے میدان میں پیش رفت کا باعث بنا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سینٹر نے سائبر سکیورٹی کے شعبے میں بہت زیادہ ویلیو ایڈیشن کی ۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں اس سینٹر کا منصوبہ 1.29 بلین روپے میں منظور کیا گیا اور پراجیکٹ کو 2 سال کی توسیع دی گئی ، پاکستان انوویشن ایوارڈ کے بہت سے شرکا اس ایکسیلنس سینٹر کے بنائے گئے ایکو سسٹم سے تعلق رکھتے تھے۔
ملاقات میں ایئریونیورسٹی کے وائس چانسلر نے کہاکہ نیشنل سائبر سکیورٹی اکیڈمی بھی زیر تعمیر ہے، سائبر سکیورٹی کا مستقبل اس سینٹر آف ایکسیلنس کے ذریعے محفوظ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مرکز کامیابی کے ساتھ اکیڈمیہ اور انڈسٹری کے درمیان روابط قائم کر رہا ہے۔