اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ نے آج وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں پاکستان میں کینیڈا کی ہائی کمشنر لیزلی سکینلون سے ملاقات کی اور 2022 کے سیلاب اور COVID-19 کی وبا کے دوران حکومت پاکستان کے لیے کینیڈا کی مدد کو سراہا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے ہائی کمشنر کو بتایا کہ توانائی کا شعبہ ہماری حکومت کی اہم ترجیحات میں سے ایک ہے جس پر ہائی کمشنر نے کہا کہ کینیڈا کی ترجیحات حکومت پاکستان کی ترجیحات سے ہم آہنگ ہیں۔ انہوں نے کاربن کریڈٹس پر حکومت کینیڈا کی توجہ کو اجاگر کیا اور امید ظاہر کی کہ حکومت پاکستان کلائمیٹ فنانس پر بھی کام کر سکتی ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری EAD نے کینیڈا کے ہائی کمیشن کی توجہ پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مزید ترقیاتی امداد کی طرف مبذول کرائی جہاں خواتین کو روزگار کے مواقع تک محدود رسائی حاصل ہے۔ سیکرٹری نے تعلیم، صحت اور خواتین کو بااختیار بنانے جیسے اہم شعبوں میں کینڈا کے خاطر خواہ تعاون کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی مدد کو بڑھانے کی درخواست کی۔
اپنے اختتامی کلمات میں وفاقی وزیر نے حکومت پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر کینیڈین ہائی کمشنر اور ان کی ٹیم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔اجلاس میں اقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹری اور ایڈیشنل سیکرٹری نے بھی شرکت کی۔