شانگلہ، جون 17 (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے اپنے آبائی گاؤں پورن چاگم میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی۔اس موقع پر انجینئر امیر مقام نے اللہ کے حضور ملک کی سلامتی اور تمام امت مسلمہ کیلئے اتفاق و اتحاد کی دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ دوسروں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے اور معاشرے کی مرحوم طبقات کیلئے ایثار و قربانی کا دن ہے۔ یہ دن ہمیں بحیثیت قوم رکاوٹوں کو دور کرنے، ضرورت مندوں کیلئے مدد کا ہاتھ بڑھانے اور سب کیلئے ایک روشن اور خوشحال مستقبل کیلئے کام کرنے کا پیغام دیتا ہے۔
ہم سب کو اپنی روزمرہ کی زندگیوں میں اخوت، رواداری سماجی و معاشرتی انصاف اور باہمی اتحاد و یکجہتی سے سرشار ہو کر ایک متحد اور مضبوط قوم بننے کی کوشش کرنی چاہیے۔
عید الضحیٰ کے موقع پر پیغام میں وفاقی وزیر برائے سیفران اور امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کی ۔