وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کی زیر صدارت دورہ چین پر “فالو اپ” اجلاس

18

 

اسلام آباد،10جون(اے پی پی): وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت دورہ چین پر “فالو اپ” اجلاس پیر کو یہاں  منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر کامرس جام کمال خان نے بھی شرکت کی ۔ وزراء نے دورہ چین کے دوران  سرمایہ کاری بورڈ کے افسران کی  بہترین کارکردگی کو سراہا۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے  عبدالعلیم خان  کا کہنا تھا  کہ  دورہ چین کے دوران   طے پانے والے تمام ایم او یوز کو مکمل تیاری کے ساتھ حتمی مراحل تک لایا جائے، ہمیں  روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر “پرو ایکٹو “ہو کر “آؤٹ آف باکس” حل تلاش کرنا ہوں گے۔

انہوں نے  بور ڈ آف انویسٹمنٹ  کو دورہ چین پر تفصیلی” ڈیٹا بیس” اور پروفائل کی تیاری کو  یقینی بنانے  اور چین کے مختلف شہروں میں مستقل “بزنس ڈیسک” قائم کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ چین نے سرمایہ کاری  کرنی ہے اور ہمیں یہ موقع ضائع نہیں کرنا جس کے لیے ہمیں دن رات محنت کرنا ہو گی۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ  چین کے دورے میں سرمایہ کاری بورڈ نے کلیدی کردار ادا کیا، ہمیں یہ  کاوشیں جاری رکھنی ہوں گی اس کے علاوہ   چینی کمپنیوں کو کم سے کم وقت میں ” جوائنٹ وینچر” اور انویسٹمنٹ کی طرف  بھی لانا ہے۔

اس موقع پر بات کرتےہوئے وفاقی وزیر  تجارت جام کمال خان  کا کہنا تھا کہ   چین میں پاکستانی حکام نے کم سے کم وقت میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا،  چینی کمپنیوں کو آن بورڈ لینے کے لئے وزارت کامرس اور بورڈ آف انوسٹمنٹ ورکنگ گروپ بنائے گی۔انہوں  نے کہا کہ  حالیہ دورہ چین میں 31ایم او یوز پر دستخط اور 1000 کے لگ بھگ چین کی نمایاں کمپنیوں سے پیش رفت ایک بڑی کامیابی ہے ۔

اس موقع پر  وفاقی سیکرٹری کامرس اور سیکرٹری بورڈ آف انوسٹمنٹ نے اجلاس کو دورہ چین کے اہم امور پر پیش رفت سے آگاہ کیا جبکہ   شنگھائی سے قونصلیٹ جنرل رانا شہزاد، چیئرمین ٹی ڈی اے پی زبیر موتی والا،قونصل جنرل ہانگ کانگ ریاض احمد اور غلام قادر  نے بھی بریفنگ دی ۔