اسلام آباد، 24 جون (اے پی پی): وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان اور وزیر تجارت جام کمال خان کی زیر صدارت چین سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے “فالو اپ” اقدامات پر تفصیلی غور و خوض کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس آج منعقد ہوا جس میں چینی کمپنیوں سے رابطے اور”بزنس ٹو بزنس” ایم او یوز پر اب تک کی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ چینی کمپنیوں اور پاکستان کے بزنس اداروں کے مابین جلد از جلد جوائنٹ وینچرز چاہتے ہیں، دورہ چین کے حوالے سے مختلف وزارتوں سے جلد از جلد جواب طلب کریں۔
عبدالعلیم خان نے پاک چین سرمایہ کاری پر حالیہ دورے کی روشنی میں تمام امور پر تکمیل کی یقینی دہانی کرائی اور کہا کہ جن کمپنیوں کے ساتھ ایم او یوز نہیں ہوئے ان سے بھی چین میں پاکستانی کمپنیوں کے رابطے کرائیں گے۔
وفاقی وزیر جام کمال خان نے کہا کہ چینی سفارتخانہ دونوں ممالک کے کاروباری گروپس میں با مقصد اجلاس کرائے جائیں۔ اجلاس کے دوران بیجنگ،شنگھائی، شینزن اور گوانگزو سے پاکستانی ٹریڈ آفیسرز کی اعلیٰ سطحی اجلاس کو ویڈیو لنک پر بریفنگ دی گئی جبکہ وفاقی سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ نے اعلیٰ سطحی اجلاس کو سرمایہ کاری کے مختلف اہم امور پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں پٹرولیم، صحت، صنعت، اطلاعات، پاور ڈویژن، آئی ٹی اور مختلف وزارتوں کی پیشرفت پر رپورٹ بھی پیش کی گئی۔