وفاقی وزیر مذہبی امور  کا  مکہ مکرمہ میں عازمین حج کی رہائش گاہوں اور ہسپتال کا دورہ ،سرکاری عازمین حج سے ملاقات،انتظامات کی تعریف

17

مکہ مکرمہ ۔13جون (اے پی پی):  وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین  نے آج مکہ مکرمہ میں عازمین حج کی رہائش گاہوں اور ہسپتال کا دورہ کیا اور سرکاری عازمین حج سے ملاقات کی جنہوں نے سرکاری انتظامات کی تعریف کی اور حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ  گزشتہ سالوں کی نسبت اس سال حج کے انتظامات اور عملہ کی کارکردگی مثالی ہے۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین  نے کہا کہ پاکستانی عازمین حج کو جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کومنیٰ لے جایا جائے گا، منی عرفات میں مکتب کی سہولیات کیلئے پاکستان حج مشن مسلسل مصروف عمل ہے۔

وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ  پاکستانی معاونین حج اور پیرامیڈیکل عملہ مشاعر میں بھی عازمین حج کے ساتھ رہے گا ، عازمین حج کو قربانی سے متعلق اطلاع پاک حج ایپ کے ذریعے ملے گی ۔

 چوہدری سالک حسین نے کہا کہ  وزارت میں قربانی کی رقم جمع کروانے والے عازمین کی قربانی 10 ذی الحجہ کی ظہر سے عصر کے درمیان مکمل کی جائے گی، عازمین حج امت مسلمہ، اپنے وطن پاکستان اور وزارت کو اپنی خصوصی دعاؤں میں یاد رکھیں۔