ٹیوٹاکی ساکھ کی بحالی کیلئے محکمہ کےافسران اپنےذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں،معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت خیبرپختونخوا

17

پشاور۔ 26 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر نے بدھ  کو  محکمہ صنعت کے کمیٹی روم پشاور میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی(ٹیوٹا) کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے محکمہ کو دیئے گئے اہداف سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری صنعت شمع نعمت،چیف پلاننگ آفیسر باسط خلیل اور ٹیوٹا کے ڈائریکٹرز منیر گل ،خالد عثمان،حیدر علی اور سید سجاد علی شاہ کے علاؤہ دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں معاون خصوصی کو اتھارٹی کےڈیجٹلائزیشن،پائیداری،ہیومن ریسورس،مالیاتی امور،پروکیورمنٹ، تعلیم وتربیت،بزنس پروڈکشن و دیگر امور کے حوالے سے دئیے گئے اہداف پر عملدرآمد کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

معاون خصوصی کو مختلف اے ڈی پی اسکیموں کے بارے میں بھی تفصیلات فراہم کی گئیں اور زیر تکمیل و مکمل شدہ ا سکیموں کے بارے میں انہیں آگاہ کیا گیا۔انہیں بتایا گیا کہ طلبہ کی سہولت کیلئے  20 ایام کے اندر ٹیوٹا میں سٹوڈنٹس کمپلینٹ سیل کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

اجلاس میں معاون خصوصی نے ہدایت کی کہ اتھارٹی اور محکمہ کے تمام حکام اپنی ذمہ داریوں کو مقررہ وقت میں ادا کرکے  دیئےگئے   وقت   کے اندر درکار امور کو مکمل کریں۔

انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم و ہنر کے نصاب میں صوبے کی خصوصی ضروریات اور طلب کو مد نظر رکھتے ہوئے نئے ٹریڈز شامل کرنے پر کام کیا جائے۔معاون خصوصی نے اتھارٹی کو مالی طور پر مستحکم کرنے ک خود  پائیداریت   کے ماڈل پر ڈالنے کیلئے بھی دی گئی اہداف کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ادارے کے وسائل کو بروئے کار لاکر بزنس ماڈلز پر بھی کام تیز کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا کی ساکھ کو بحال کرنے کی ضرورت ہے جس کیلئے محکمہ کے افسران اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں سر انجام دیں۔معاون خصوصی نے اجلاس میں مختلف سکلز اور سروسز کی فراہمی کیلئے موبائل ورکشاپ کے ماڈل کی تجویز  کو سراہا۔

انہوں نے  فنی تعلیمی اداروں کے وسائل کو استعمال میں لاکر انہیں پروڈکشن ہاؤسز کے طور پر استعمال میں لانے کے حوالے سے بھی اب تک کی پیش رفت سے متعلق معلومات حاصل کیں۔اس موقع پرمعاون خصوصی کونمک منڈی جیمز سٹون پروسسینگ اینڈ ٹریڈنگ سنٹر کے قیام کے حوالے سے بھی اب تک کی پراگریس پر پریذنٹیشن دی گئی۔