پالیسیوں کے تسلسل، میرٹ پر بھرتیوں، تقرریاں،تبادلے اور ترقیوں کے ذریعے متوازن نظام چلایا جاسکتا ہے؛احسن اقبال

18

اسلام آباد،24جون (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی ،اصلاحات اور خصوصی اقدامات پروفیسراحسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام کے باعث وژن 2010,2025 کے اہداف حاصل نہیں کرسکے،پالیسیوں کے تسلسل، میرٹ اورشفاف انداز سے بھرتیوں، تقرریاں،تبادلے اور ترقیوں کے ذریعے متوازن نظام چلایا جاسکتا ہے، اٹامک انرجی کمیشن کا نیوکلئیر نظام، توانائی، ادویات، زراعت کی ترقی میں کلیدی کردار ہے۔

ان  خیا لات کا اظہار انہوں نے  پیر کوپاکستان اٹامک انرجی کمیشن اوریورپین آرگنائزیشن فار نیوکلیئر ریسرچ (سرن ) کے تعاون سےطبیعات اور عصری ضروریات پر 49 ویں بین الاقوامی نتھیاگلی سمر کالج کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ میرے لیے تقریب میں شرکت اعزاز کی بات ہے،میں سمر کالج میں شرکت کرنے والے ملکی اورغیر ملکی سائنس دانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں.انہوں نے کہا کہ فزکس سائنس کی بنیاد ہے اور اس سے کئی شعبوں میں نئی راہیں کھلتی ہیں۔

 وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کا پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں اہم کردار ہے، 28 مئی 1998 کو پاکستان نے ایٹمی دھماکے بھارت کے جواب میں ڈیٹرنس حاصل کرنے کے لئے کیے ، اس میں اٹامک انرجی کمیشن کی بے حدمحنت بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ اٹامک انرجی کیشن کا نہ صرف ملکی دفاع میں اہم کردار ہے بلکہ طب،زراعت اور توانائی کے شعبے میں شاندار کردار ادا کر رہا ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ دنیا میں زندہ رہنے کے لیے اپنے ان تیزی لانا ہو گی، پروڈکٹیوٹی، کوالٹی اور انوویشن کامیابی کے لیے سب سے زیادہ اہم ہیں، پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ملک کو گرین انرجی فراہم کررہا ہے، حکومت اور عوام کی طرف سے پاکستان انرجی کمیشن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتاہوں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ر یسرچ اورسائنس کے شعبےمیں سرمایہ کاری کر رہی ہے،آرٹیفشل انٹیلی جنس موجودہ دور کی اہم ضرورت ہے، نئی ٹیکنالوجیز دنیا کی معشیت میں بھی اہم کردار ادا کررہی ہیں،پاکستان نئی ٹیکنالوجیزکی مدد سے صنعتی ترقی حاصل کر سکتا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ صنعتی ترقی سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے،نئی ٹیکنالوجیز اختیار کرنے سے عوام کا معیار زندگی بہتر ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سرن کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے، حکومت پاکستان کی طرف سے سرن کو سترہویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وفاقی وزیر  نے کہا کہ پاکستان معدنیات سے مالا مال ملک ہے،ان معدنیات سے فائدہ اٹھانا ہمارے لیے چیلنج ہے۔

اس موقع پر چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ علی رضاانور نے کہا کہ پاکستان میں سائنس کے شعبے میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کا اہم کردار ہے،حکومت پاکستان کے تعاون کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیومن ریسورسز نہ ہونے کی وجہ سے بہت سے ممالک کے وسائل سے دوسرے ممالک فائدہ اٹھا رہے ہیں،اس کالج میں مختلف ممالک سے سائنسدان شریک ہوں گے،ہمیں چار دہائوں سے آئی سی ٹی پی کا بھی مکمل تعاون حاصل ہے، میں ’سرن‘ کو سترہویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور ،ڈائریکٹر آئی آر سرن مس شارلوٹے وراکلی کے علاؤہ دنیا کے مختلف ممالک کی یونیورسٹیوں کی فیکلٹی ممبران اوردیگر شرکاء کی کثیر تعداد موجود تھے۔