پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانا ہماری اولین ترجیح ہے، وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین

20

اسلام آباد۔20جون  (اے پی پی): ترکمانستان کے سفیر عطاجان مولاموف  نے آج  وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین سے ملاقات  کی جس میں  آئندہ ہفتے ہونے والے اعلیٰ سطحی وفد کے دورے کی تیاریوں کا  تفصیلی جائزہ لیا  گیا۔

ملاقات کے دوران بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانا ہماری اولین ترجیح ہے،یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کو تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ تجارتی ایگزیبیشن کا اہتمام کرنا چاہیے۔

وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار کی سربراہی میں یہ  اعلیٰ سطحی وفد 24 سے 26 جون 2024 تک ترکمانستان کا دورہ کرے گا جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کےشعبےمیں نئی مواقع تلاش کرنا ہے۔