پاکستان اور سینٹ ونسنٹ اور گریناڈائنز کے درمیان رسمی سفارتی تعلقات قائم

20

نیویارک، 04 جون(اے پی پی):اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر منیر اکرم اور سینٹ ونسنٹ اینڈ گریناڈائنز سے ان کے ہم منصب سفیر انگا رونڈا کنگ نے گزشتہ  روز مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کو باقاعدہ بنایا گیا ہے۔

 اس موقع پر سفیر منیر اکرم نے سفیر کنگ کا پاکستان مشن میں پرتپاک استقبال کیا اور کہا کہ پاکستان اور سینٹ ونسنٹ اور گریناڈائنز کے درمیان اقوام متحدہ میں گرمجوشی، قریبی اور تعاون پر مبنی تعلقات کی ایک طویل روایت رہی ہے۔ دونوں دوست ممالک کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات کا قیام تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا باعث بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ اب ہم دونوں ممالک کے سیاحوں، کاروباری وفود اور عوام کے درمیان مزید گہرے رابطوں کے منتظر ہیں۔

سفیر کنگ کو ایک اتحادی کے طور پر بیان کرتے ہوئے،سفیر اکرم نے اقوام متحدہ کے متعدد فورمز پر ان کی بھرپور وکالت کی تعریف کی، خاص طور پر ECOSOC کے صدر کی حیثیت سے، یہ کہتے ہوئے کہ ان کی قیادت اس بات کی ایک مثال ہے کہ چھوٹی قومیں کس طرح بڑا حصہ ڈال سکتی ہیں۔

اپنے بیان میں، سفیر انگا رونڈا کنگ نے گرمجوشی کے جذبات کا اظہار کیا اور سفیر اکرم کی مہمان نوازی اور دوستی پر شکریہ ادا کیا۔

سفیر کنگ نے کہا کہ پاکستان اور سینٹ ونسنٹ اور گریناڈائنز مضبوط اتحادی ہیں اور سفارتی تعلقات کے قیام سے ان کے دوطرفہ تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہوں گے۔

تقریب میں  پاکستان کے نائب مستقل نمائندے سفیر عثمان جدون، پاکستانی مشن کے افسران کے علاوہ سینٹ ونسنٹ گریناڈائنز کے  مندوب نے بھی شرکت کی۔