اسلام آباد، 28 جون (اے پی پی):پاکستان بیت المال نے اسلامک ریلیف آگنائزیشن کے تعاون سے خواتین کے ہنر میں مزید نکھار پیدا کرنے کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا سہولت مرکز متعارف کروادیا ہے۔
اسلامک ریلیف آرگنائزیشن (ایشیا) کے علاقائی پروگرام کوآرڈینیٹر مسعود نے یہاں ایف نائن پارک میں منعقدہ تقریب میں اس جدید سہولت مرکز کا افتتاح کیا۔ تقریب میں پاکستان بیت المال کے ڈائریکٹرز محمد حسین، صائمہ ودود، اوردیگر افسران سمیت ویمن ایمپاورمنٹ سنٹر کی اساتذہ اور طالبات بھی موجود تھیں۔ ایف نائن پارک میں پہلے سے موجود سلائی کڑھائی یونٹ سے منسلک یہ مرکز جدید ترین سلائی مشینوں اور کمپیوٹر لیب سے آراستہ ہے جس کی بدولت ویمن ایمپاورمنٹ سنٹر میں 120مستحق اور غریب خواتین کو تین ماہ پر محیط مختلف کورسز کروائے جائیں گے جن میں بیوٹیشن، سلائی کڑھائی، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور آرٹ اینڈ کرافٹ شامل ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلامک ریلیف آگنائزیشن کے پروگرام کوآرڈینیٹر نے خواتین کو بااختیار اور باوقار زندگی کی طرف گامزن کرنے کے لیے پاکستان بیت المال کے اقداما ت کا سراہتے ہوئے کہا کہ “وائز” منصوبے کے تحت خواتین کی مہارت کو عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق ڈھالتے ہوئے ان کی معاشی ترقی میں اضافے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر پاکستان بیت المال کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن محمد حسین نے اسلامک ریلیف آرگنائزیشن کی طرف سے معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں دونوں اداروں کے درمیان دیرپا تعاون کی بدولت ملک کے محروم اور نادار طبقات کی زندگیوں میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔