پاکستان میں سافٹ بال کے کھیل کا مستقبل تابناک ہے؛صدر ڈبلیوبی ایس سی ریکارڈو فریکری

37

 

 

کراچی،03 جون(اے پی پی):  ورلڈ بیس بال سافٹ بال کنفیڈریشن (ڈبلیوبی ایس سی)کے صدر ریکارڈو فریکری نے کہا ہے کہ پاکستان میں سافٹ بال کے کھیل کا مستقبل تابناک ہے، پہلی بین الصوبائی ویمنز سافٹ بال چیمپئین شپ کاکامیاب انعقاد اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پاکستان میں سافٹ بال درست سمت میں جاتے ہوئے مقبولیت کا مقام حاصل کررہاہے ۔

سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان کے صدر آصف عظیم کو اپنے مباکباد کے بھیجے گئے ویڈیو پیغام میں ڈبلیوبی ایس سی کے صدر ریکارڈو فریکری کاکہنا تھا کہ یہ چیمپئن شپ پورے پاکستان میں خاص طور پر خواتین میں سافٹ بال کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے، یہ مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں اور جذبے کا مظاہرہ کرنے کا بہترین موقع تھا اور یقیناً انہوں نے اپنی کارکردگی اور اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کھیل کو مزید بہتر بنایا ہے، میں چیمپئین شپ کے دوران پاکستانی خواتین کھلاڑیوں کی محنت، جذبہ اور لگن سے بہت متاثر ہوا ہوں ۔

ریکارڈو فریکری کا مزید کہنا تھا کہ یہ چیمپئن شپ صوبوں کے مابین صرف ایک مقابلہ نہیں تھا بلکہ اس میں سیکھنے، آگے بڑھنے  اور کھلاڑیوں کے درمیان صحت مندانہ مقابلوں کا ماحول نظر آیا ہے  ،مجھے یقین ہے کہ اس بین الصوبائی ایونٹ نے سافٹ بال کمیونٹی کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنا یا ہے، اس ضمن میں سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان کی جانب سے سافٹ بال کے فروغ کے لیے انتھک کوششیں اور عزم قابل ستائش ہے۔