پاکستان کا اقوام متحدہ کے امن مشن کے لیے عزم نو کا اظہار

19

نیو یارک، 12جون ( اے پی پی):  اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے، سفیر منیر اکرم نے اقوام متحدہ کے امن دستوں کو درپیش بڑھتے ہوئے چیلنجوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ غیر معمولی خطرات کا سامنا کر رہے ہیں۔ سفیر منیر اکرم نے امن اور سلامتی کے مقصد کو مؤثر طریقے سے پورا کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے امن مشن کے مستقبل پر پاکستان کی فعال شمولیت پر زور دیا۔

 ہیڈز آف ملٹری کمپوننٹس کانفرنس (HOMCC) کے وفد نے اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کے کردار پر بریفنگ  کے لیے پاکستانی مشن کا دورہ کیا۔ سفیر منیراکرم نے اقوام متحدہ کے امن مشن میں چھ دہائیوں سے زائد کی وقف اور پیشہ ورانہ شرکت پر پاکستان کے فخر کا اظہار کیا، جن میں 48 مشن میں 235,000 پاکستانی امن دستے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا امن مشن بین الاقوامی تعاون کی ایک بہترین شکل ہے جس کے مستقبل پر مزید سنجیدہ غور و فکر کی ضرورت ہے۔

سفیر منیراکرم نے کہا کہ امن مشن کو تنازعات اور تشدد کی بنیادی وجوہات کو حل کرنے کی کوششوں سے مطلع کردہ وسیع تر سیاسی حکمت عملی کا حصہ ہونا چاہیے۔انہوں نے اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے امن مشن کو زیادہ نتیجہ خیز اور بامعنی بنانے کے لیے رکن ممالک اور اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

میجر جنرل چیریل پیرس، قائم مقام ملٹری ایڈوائزر اور اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے امن کی نمائندہ، نے پاکستان کے کردار کو سراہا، اور کہا کہ بین الاقوامی امن کی خدمت میں سب سے زیادہ جانوں کا نذرانہ پاکستان نے دیا ہے۔ انہوں نے امن دستوں کی حفاظت اور سلامتی کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی مہارت اور جدید تربیت پر زور دیا۔

اقوام متحدہ کے پولیس ایڈوائزر فیصل شاہکار نے بین الاقوامی امن کے فروغ میں پاکستان کی خدمات پر شکریہ ادا کیا اور اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستانی پولیس افسران کی فعال شمولیت کو اجاگر کیا۔

پاکستانی مشن کے ملٹری اور پولیس ایڈوائزر کرنل عمر شفیق نے گزشتہ چھ دہائیوں کے دوران پاکستان کے کردار پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ 1960 میں کانگو میں پہلے دستے کی تعیناتی کے بعد سے پاکستان نے 29 ممالک میں 235,000 سے زائد امن دستے بھیجے ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کے سب سے بڑے فوجی تعاون کرنے والے ممالک میں سے ایک ہونے کی حیثیت پر زور دیا، جس میں تقریباً 3,000 پاکستانی امن دستے آٹھ مشن میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔