پاکستان 26-2025 کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب

28

نیویارک، 07جون(اے پی پی):پاکستان  26-2025کی مدت کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل(یو این ایس سی) کا غیر مستقل رکن منتخب ہو گیا ہے جس کا آغاز یکم جنوری 2025 سے ہوگا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جمعرات کو ہونے والے انتخابات میں پاکستان کو 185 ووٹوں میں سے 182 ووٹ ملے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے کامیاب مہم کے انعقاد میں تعاون اور رہنمائی پر وزیراعظم، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، وزارت خارجہ اور پاکستانی مشن کے افسران کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان کے مستقل مندوب نے اقوام متحدہ کے ممبران کا  بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے بین الاقوامی امن و سلامتی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کو برقرار رکھنے کے حوالے سے پاکستان کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا۔انہوں  نے کہا کہ زبردست حمایت عالمی برادری میں پاکستان کے نمایاں کردار کا منہ بولتا ثبوت ہے اور کہا  کہ 1947 میں اپنی آزادی کے بعد سے، پاکستان کی خارجہ پالیسی محتلف جنگوں کو روکنے، امن اور عالمی خوشحالی کو فروغ دینے کی طرف مرکوز رہی ہے۔

سفیر اکرم نے کہا کہ  26- 2025 کی مدت کے لیے یو این  سکیورٹی کونسل کے رکن کے طور پر دیئے گئے مینڈیٹ کو پورا کرنے میں فعال کردار ادا کرے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تنازعات کے پرامن حل، بین الاقوامی امن اور سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد کو برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی کونسل کے شریک اراکین کے ساتھ تعاون کرے گا۔