پشاور:الخدمت تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کے علاج، خوشیوں اور ضروریات کا خیال رکھنا اپنی ترجیح سمجھتی ہے۔خالد وقاص

27

پشاور، 18جون(اے پی پی): تھیلی سیمیا جیسی موذی مرض میں مبتلا بچوں کے علاج معالجہ کے لئے الخدمت ہسپتال نشتر آباد پشاور کے ساتھ رجسٹرڈ بچوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی صدر ارباب عبدالحسیب کی زیر صدارت تقریب کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر الخدمت کے صوبائی صدر خالد وقاص مہمان خصوصی تھے۔

تقریب میں الخدمت کے صوبائی میڈیا منیجرنورالواحدجدون،الخدمت تھیلی سیمیاء کوآرڈینیٹر نثار علی اور وسیم بخش سمیت  بچوں کے والدین اور سینئر صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

الخدمت تھیلی سیمیاء سنٹر میں زیرعلاج بچوں میں عیدی اور تحائف تقسیم کرنے کےموقع پر الخدمت فاونڈیشن کے  صوباٸی صدر خالد وقاص نے کہا کہ الخدمت ہسپتال نشترآباد اور الخدمت ہسپتال چارسدہ  کے ساتھ تھیلی سیمیاء کے مرض میں مبتلا 570بچے رجسٹرڈ ہیں جنہیں بلڈ ٹرانسفیوژن کی سہولیات اور باقاعدگی کے ساتھ مفت ادویات فراہم کی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس موذی مرض میں مبتلا بچوں کو زندگی کی خوشیاں فراہم کرنا الخدمت کی ترجیحات کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماہرین کے مطابق تھیلی سیمیا سے بچاو کا واحد علاج اس موذی مرض سے بچاو کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل اور اس حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنا ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن تھیلی سیمیاء کے علاج معالجہ کے لٸے بون میرو ٹراسپلانٹ سنٹر کے قیام کے لئے بھی کوشاں ہے۔

 اس حوالے سے صوبائی حکومت کو پشاور میں حیات آباد یا شہر کے کسی مناسب مقام پر زمین دینے کی درخواست کی ھے جیسے ہی ہمیں صوبائی حکومت کی جانب سے زمین میسر ہوگی اس پر عمارت کی تعمیر اور ہسپتال کے لئے درکار دیگر لوازمات کی فراہمی کے لئے معاشرے کے صاحب ثروت افراد الخدمت کا ساتھ دیں گے۔