پشاور، 20جون(اے پی پی):صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے، خلیل جبران کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے لاء انفورسمنٹ اور انٹیلی جنس اداروں کے ساتھ ملکر کام کرینگے، صوبہ اور ضم اضلاع دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہیں، خلیل جبران کے ورثاء کے ساتھ صوبائی حکومت بھرپور مالی مدد کریگی، مقتول صحافی کو شہید پیکیج دلوانے کی بھر پور کوشش کرینگے۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف اور ڈی جی انفارمیشن محمد عمران نے لنڈی کوتل پریس کلب ڈسٹرکٹ خیبر میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف اور ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن محمد عمران نے لنڈی کوتل پریس کلب ڈسٹرکٹ خیبر آکر شہید صحافی خلیل جبران کے ایصال ثواب اور مغفرت کے لئے فاتحہ خوانی کی اور غم کی اس گھڑی میں مقامی صحافیوں کے ساتھ یکجہتی اور ہمدری کا اظہار کیا اس موقع پر خیبر نیوز کے بیورو چیف وقاص شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
صوبائی وزیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی بہت بڑا مسئلہ اور چیلنج ہے دہشت گرد معلوم نہیں اس لئے سیکیورٹی فورسز، پولیس، صحافی اور عام لوگ آسانی سے ان کا نشانہ بنتے ہیں ملکر اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ خلیل جبران کی شہادت قومی سانحہ ہے جس پر پورا صوبہ اور ملک غمزدہ ہے اور خدا کرے کہ مزید ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے وزیر اعلیٰ نے بروقت نوٹس لیکر متعلقہ اداروں کے سربراہوں کو قاتلوں کی گرفتاری اور قانون کے تحت قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کر دی تھی اور آج خود لنڈی کوتل پریس کلب ڈسٹرکٹ خیبر آکر صوبائی حکومت کی طرف سے پیغام پہنچایا کہ صوبائی حکومت واقعہ سے غافل نہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ صوبائی حکومت اور انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اپنی طرف سے خلیل جبران شہید کے ورثاء کے ساتھ مالی مدد کرینگے اور ان کے بچوں کی تعلیم کے لئے بھی انتظامات کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ شہید پیکیج کے لئے ضروری اقدامات کرینگے تاکہ ان کے ورثاء کو شہید پیکیج دیا جاسکے تاہم مالی مدد کی فراہمی کے حوالے سے صوبائی حکومت کوئی کمزوری نہیں دکھائے گی اور سب کچھ میڈیا سے وابستہ دوستوں کے سامنے ہوگا اور بہت جلد ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی حفاظت کے لئے قانون سازی کر رہے ہیں تاہم دہشتگردی ایک سنگین مسئلہ ہے جس نے صورتحال گھمبیر بنا دی ہے انہوں نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشتگردوں کے حوالے سے حکومت اور اداروں کے ساتھ معلومات شئیر کریں تاکہ بروقت دہشتگردی کا قلع قمع کیا جا سکے۔
بعد ازاں صوبائی مشیر اطلاعات اور ڈی جی انفارمیشن خلیل جبران شہید کے حجرے پر گئے اور وہاں بھی تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔