پشاور، 19جون(اے پی پی): الخدمت فاونڈیشن خیبر پختونخوا نے عید کے موقع پر الخدمت ہاوس سکندر ٹاون پشاور میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا اور اس موقع پر انہیں قربانی کا گوشت بھی فراہم کیاگیا۔
اس تقریب میں وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائےاطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف، الخدمت فاونڈیشن کے سابق صوباٸی صدر ڈاکٹر محمد اقبال خلیل اور نیشنل ڈائریکٹر فضل محمود نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
ظہرانے سے خطاب ہوئے الخدمت فاونڈیشن کے صوبائی صدر خالدوقاص نے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن انسانیت کی بلاتفریق خدمت پر یقین رکھتی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے معاشرے کے تمام طبقات سے وابستہ محروم افراد کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں۔
صوبائی مشیراطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے لئے عید قربان کے موقع پر تقریب کا انعقاد اور انہیں عید کی خوشیوں میں شامل کرنا الخدمت کا ایک قابل تقلید عمل ھے ۔معاشرے کے محروم طبقات کے لیے الخدمت فاونڈیشن کی فلاحی سرگرمیاں دیگر فلاحی اداروں کے لئے مشعل راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بھی اقلیتوں اور کمزور طبقات کے جائز حقوق کے حصول کیلٸے کوشاں ہے۔ اس موقع پر ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے نمائندہ اور پبلک سیفٹی کمیٹی کی ممبرصوبیہ خان سے ان کی کمیونٹی کے نادار افراد کی ضروریات اور مشکلات سے آگاہی حاصل کی تاکہ ان مشکلات کے خاتمے کے لئے مشترکہ طور پر کوششیں کی جاسکے۔