پشاور میں سٹریٹ کرائمز کے خلاف جاری آپریشن کے دوران 94 گینگز بے نقاب،119 ملزمان گرفتار،ایس ایس پی آپریشنز

19

پشاور،05 جون(اے پی پی): پشاور میں سٹریٹ کرائمز کے خلاف موثر حکمت عملی کے تحت جاری خصوصی آپریشن میں رواں سال کے دوران سنگین وارداتوں میں ملوث 94 گینگز بے نقاب ہوئے ہیں۔

یہ بات ایس ایس پی آپریشنز پشاور کاشف ذوالفقار نے بدھ کو  یہاں پولیس لائنز میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر سے جاری اس کامیاب آپریشن کے دوران پولیس مقابلوں میں چھ سنیچرز ہلاک جبکہ 119 خطرناک ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے ہیں۔ ملزمان سے 130 قیمتی موبائل فونز، 34 موٹرسائیکل، 5 موٹرکار اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد ہوا ہے۔  گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال سٹریٹ کرائمز میں 48 فیصد کمی آئی ہے۔

 ایس ایس پی آپریشنز پشاور کاشف ذوالفقار کے مطابق رواں سال کریک ڈاون کے دوران 94 گینگز کو بے نقاب کرکے ملوث 250 ملزمان گرفتار کیا گیا، ان گرفتار گینگز کے قبضے سے ایک کروڑ 37 لاکھ روپے سے زائد رقم، 181 عدد چھینے گئے قیمتی موبائل فونز برآمد ہوئے۔

 ایس ایس پی آپریشنز پشاور کاشف ذوالفقار نے میڈیا کو بتایا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور عوام کی جان و مال اور امن وامان کی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔