پی این سی اے میں جمی انجینئر کی پینٹنگز کی نمائش، رانا مشہود احمد خاں نے آرٹسٹ کے فن کو خراج تحسین پیش کیا

9

اسلام آباد،14جون( اے پی پی):چیئرمین پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (PNCA) کا دورہ کیا اور  پی این سی اے اور فار آرٹس سیک کی جانب سے جاری آرٹ نمائش کا جائزہ لیا۔  آرٹ نمائش سماجی کارکن جمی انجینئر کی طرف سے “پاکستان کے لوگوں کو خراج تحسین” کے عنوان سے منعقد ہوا ہے جو آج شام تک جاری رہے گا۔

اس موقع پرچیئرمین پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کا کہنا تھا کہ جمی انجینئر کا کام پاکستان اور بیرون ملک فن سے محبت کرنے والوں کو ہمیشہ اپنی طرف متوجہ کرتا دکھائی دیتاہے۔ انہوں نے کہا کہ جمی ایک کمال کا فنکار ہے ان کے فن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، انہوں نے ہمیشہ پاکستان کے لئے کام کیا ہے اور پاکستان کے نام کو اجاگر کیا ہے۔ جمی کے کینوسز کی پاکستان اور بیرون ملک بڑے پیمانے پر نمائش ہو چکی ہے، ساٹھ سے ستر ممالک میں ان کے فن پارے موجود ہیں۔ نمائش کا عنوان آرٹسٹ اور سماجی کارکن “جمی انجینئر (پاکستان کے خادم) کی طرف سے “پاکستان کے لوگوں کو خراج تحسین” رکھا گیا ہے۔انہوں نے 90 پینٹنگز پینٹ کیں جن میں سے 35 سے 40 نمائش کے لیے ہیں جو1947 کی تقسیم ہند پر مبنی تاریخی پینٹگ سیریز ہے۔ نمائش آج شام تک  کھلی رہے گی جس سے ناظرین کو فنکار سے ملنے اور اس کے جذبے اور لگن سے متاثر ہونے کا موقع ملے گا۔