چنیوٹ(اے پی پی) ضلع بھر میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر 154 مقامات پر نماز عید ادا کی گئی ۔پولیس کی جانب سے تمام مساجد اور کھلے مقامات پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے۔ ایک ہزار سے زائد افسران سمیت پولیس اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور تھے۔ ڈی پی او عبداللہ احمد نے پولیس لائن میں پولیس کے افسران اور جوانوں کے ساتھ نماز عیدالاضحیٰ ادا کی۔ اس موقع پر ملکی سلامتی اور شہداء کے بلندی درجات کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
ڈی پی او عبداللہ احمد نے پولیس اہلکاروں کو عید کی مبارک باد دی، اہلکاروں کے ساتھ ملکر کھانا کھایا، ڈی پی او نے شہر کے مختلف علاقوں میں ڈیوٹی سر انجام دینے والے اہلکاروں کو عید کی مبارکباد دی۔
ڈی پی او عبداللہ نے کہا کہ شہری عید کی خوشیاں منائیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں۔امن و امان کے قیام کیلئے شہری سیکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں عید کے موقع پر شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔