اسلام آباد،7جون (اے پی پی):سینیٹ کی بزنس ایڈوائزی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔
بزنس ایڈوائزی کمیٹی کے اجلاس میں ایوان بالاء کے 339 ویں اجلاس کے حوالے سے معاملات پر تفصیلی غورو خوص کیا گیا۔ سیکرٹری سینیٹ سید حسین حیدر نے کمیٹی کو حالیہ اجلاس کے متعلقہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایوان بالاء کا حالیہ اجلاس 21 جون2024 تک جاری رہے گا۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ہدایت کی کہ ایوان بالاء کی کمیٹیوں کی تشکیل کے حوالے سے معاملات جلد ازجلد طے کیے جائیں تاکہ قواعدکے مطابق کمیٹیوں کی تشکیل مکمل ہو سکے۔
ایڈوائزی کمیٹی کےاجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان، قائد حزب اختلاف سید شبلی فراز، وفاقی وزیر قانون و انصاف محمد اعظم نذیر تارڑ کے علاوہ سینیٹر ز شیری رحمان، عرفان الحق صدیقی، عطاالرحمن، جان محمد، منظور احمد، کامل علی آغا، ہدایت اللہ خان اور سیکرٹری سینیٹ سید حسنین حیدر نے شرکت کی۔