ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی راولپنڈی کا مری میں مختلف شاہراہوں کا دورہ،عوامی تفریحی سہولیات کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ

9

راولپنڈی، 07 جون (اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے مری میں مختلف شاہراہوں  کا دورہ کیا اور پی ایچ اے کی نرسریز، عوامی تفریحی سہولیات کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو بہتری کے حوالے سے احکامات جاری کیے گئے۔

 احمد حسن رانجھا نے  جھیکا گلی، اپر جھیکا گلی روڈ، فورتھ چوک روڈ، گورنمنٹ ہاؤس روڈ اور باغ شہیداں روڈ کے علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں موجود پی ایچ اے نرسریز اور سڑکوں کنارے ایستادہ کی گئی  ہینگنگ باسکٹس، فلاور پلانٹیشن ، پول پلانٹرز اور روپ لائٹس کا جائزہ لیا گیا، فلاور پلانٹیشن کے حوالے سے تینتیس ہزار پودوں، ہینگنگ باسکٹس، پول باسکٹس اور فلڈ اور پول لائٹس کی سات سو کے قریب لائٹس کو فوری ایستادہ کرنے کے احکامات جاری کیے۔

احمد حسن رانجھا نے اس موقع پر کہا کہ پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی راولپنڈی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جاری کردہ خصوصی ہدایات کے مطابق عوام کو معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے پر عزم ہے اور مری اور اس کے گردونواح میں موجود گلیات اور تفریحی مقامات پر عوام کو ہر طرح کی تفریحی سہولیات یقینی بنائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا ہے سیاحوں کو مری اور گردونواح کے سیاحتی مقامات پر ہر طرح سے سہولیات یقینی بنانے کے لیے انتظامی مشینری ہردم تیار ہے، انہوں نے عوام سے بھی استدعا کی کہ تفریحی مقامات پر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور پلاسٹک کی بوتلیں اور ریپرز نہ پھینکیں۔