ڈسکہ شہر میں نہر کے ساتھ 14 ایکڑ پر شہباز شریف تفریحی پارک تعمیر کیا جائے گا؛صوبائی وزیرمیاں ذیشان رفیق

13

 

سیالکوٹ،9جون (اے پی پی ):صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ ڈسکہ شہر کے باسیوں کیلئے نہر کے ساتھ 14 ایکڑ پر شہباز شریف تفریحی پارک تعمیر کیا جائے گا، تفریحی پارک دو حصوں میں تقسیم ہوگا جس ایک حصہ فیملیز کیلئے مخصوص ہوگا، پارک میں اوپن جم، واکنگ ٹریک، فوڈز کوڈ اور ایونٹ مینجمنٹ کیلئے ایریا ڈویلپ کیا جائے گا جبکہ ایک کلومیٹر طویل پارک کے دونوں اطراف پارکنگ ایریا چھوڑا جائے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے  پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈز کمپنی کی ٹیم سے منصوبہ کو حتمی شکل دینے کیلئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ انور علی کانجو پروگرام آفسیر انفراسٹرکچر زبیر خان اور کنسلٹنٹ پارک اینڈ ہارٹیکلچرل محمد اویس بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ  پارک کا پی سی ون 30 جون تک مکمل کریں اور مارچ 2025 تک پراجیکٹ کی تکمیل یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت 57 کروڑ 90 لاکھ روپے کی لاگت سے ڈسکہ سٹی کے 5 روڈز جن میں جامکے روڈ، وزیر آباد روڈ، بنک روڈ، پسرور روڈ اور کالج روڈ شامل ہیں کی تعمیر نو کی جائے گی اس میں نشیبی علاقوں میں آنے والی 2 روڈ پی سی سی اور 3 روڈز کی اسفالٹ کیا جائے گا جبکہ ان روڈ کے ساتھ ڈرینز اور نالوں کی آپ گریڈیشن بھی منصوبے کا حصہ ہے۔

قبل ازیں صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے ڈسکہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور ریسٹ ہاؤس میں شہریوں کے مسائل سنے۔