ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو کا اوور لوڈنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا حکم

15

ملتان، 26 جون(اے پی پی):روڈ حادثات کی روک تھام کیلئے موثر ٹریفک پلاننگ اور روڈ کٹ منیجمنٹ کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو کی صدارت میں  ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فیضان احمد ریاض اور سیکرٹری آر ٹی اے محسن نثار و ضلعی حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں جنرل بس سٹینڈ کی ترقیاتی سکیموں اور مخلتف تجاویز کی بھی منظوری دی گئی ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے ریسکیو ،ٹریفک پولیس ،این ایچ اے سمیت ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ورکنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا شہریوں کی جانوں کے تحفظ کیلئے بغیر اجازت سڑکیں کھودنے والوں کے خلاف مقدمات درج ہونگے ،جنرل بس ٹرمینلز کی صفائی یقینی بناکر مسافروں کو سہولیات فراہمی ترجیح ہے ، لوڈر رکشوں کے خلاف کارروائی اور ایکسل لوڈ منیجمنٹ مہم کا آغاز کیا جائے۔

انہوں نے کہا مرکزی شاہراہوں پر کانٹے فعال کرکے کمرشل گاڑیوں کی لوڈنگ چیک کی جائے گی۔ وسیم حامد سندھو نے کہا شہریوں کو ٹریفک قوانین سے آگاہی دینے کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے ،ایم ڈی اے مصروف شاہراہوں پر سگنلز اور روڈ کٹس کی فعالیت یقینی بنائے۔