ڈی جی خان :ریجن کےتمام  اضلاع میں عیدالاضحٰی کےحوالے سے سیکورٹی کے فول پروف اقدامات مکمل ہیں،آر پی او کیپٹن (ر)سجاد حسن خان

20

ڈیرہ غازی خان،16جون (اے پی پی): ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر)سجاد حسن خان نے کہا ہے کہ ریجن کےتمام  اضلاع میں عیدالاضحٰی کےحوالے سے سیکورٹی کے فول پروف اقدامات مکمل کیے گئے ہیں۔

اتوار کو جاری بیان میں آر پی او نے کہا کہ عیدالاضحٰی کے موقع پر  ڈی جی خان میں  326مساجد، 4 کھلے مقامات، مظفر گڑھ میں 596 مساجد، 06 کھلے مقامات، راجن پور میں 222 مساجد، 8 کھلے مقامات اور لیہ میں 210 مساجد سمیت ریجن  بھر میں 1372 مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوں گے،جن کی سیکورٹی کے لیے 20 ڈی ایس پی 221 انسپکٹروسب انسپکٹر سمیت 03 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکاران سیکورٹی  کے فرائض سرانجام  دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 23 واک تھرو گیٹ ،1116 میٹل ڈیٹکٹرزکے ذریعے فیزیکل چیکنگ اور 619 سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے  نماز عیدالاضحی ٰ کے اجتماعات کی نگرانی کی جائے گی ۔ لاءاینڈآرڈر کو برقراررکھنے  کےلیے اورمصروف شاہرات ،مارکیٹوں اور  عوامی تفریحی مقامات پر  سکیورٹی کےلیے پولیس پکٹس، پیٹرولنگ  وہیکلز، موٹرسائیکل اسکواڈ، ایلیٹ فورس اور کوئیک رسپانس فورس کی 23ٹیمیں مسلسل گشت کناں رہیں گی۔

آر پی او نے کہا کہ ریجن بھرمیں 30 مویشی منڈیوں میں خریداروں ، بیوپاریوں اور جانوروں کی حفاظت و سکیورٹی کےلیے 194 پولیس کے افسران و اہلکاران ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔