شینزن،5جون (اے پی پی):وفاقی وزیر سرمایہ کار ی بورڈ عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کاروباری معاہدوں میں بزنس ٹو بزنس سرگرمیوں کو عملی طور پر فروغ ملے گا جبکہ چین کو پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر نے کے لئے ایک منفرد پلیٹ فارم میسر ہوگا۔
بد ھ کو دورہ چین کے موقع پر شینزن میں میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں چین کی 500 اور پاکستان سے 100 کمپنیوں کی شرکت حوصلہ افزاء ہے، 32 ایم او یوز پر دستخط سے دونوں اطراف کی بزنس کمیونٹی باہم منسلک ہو گئی ،کاروباری معاہدوں میں بزنس ٹو بزنس سرگرمیوں کو عملی طور پر فروغ ملے گا۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ ان معائدوں سے چین کو بھی پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے کے لئے منفرد پلیٹ فارم میسر ہوگا ،پاکستان میں سرمایہ کاری سے چین کو بھی دیگر ممالک کو ڈائریکٹ ایکسپورٹ کا موقع ملے گا،پاک چائنہ بزنس کے فروغ سے پاکستانی کمپنیوں کی ایکسپورٹ میں بھی اضافہ ہوگا،بزنس میں رابطے ہموار ہونے سے لانگ ٹرم شراکت کے دروازے کھلتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک چائنہ بزنس فورم کا انعقاد کامیاب ترین اور غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے، وزیراعظم کا چین سے اشتراک کا ویژن احسن انداز میں پایہ تکمیل کی طرف گامزن ہے،دو طرفہ تجارت سے پاک چین بزنس کمیونٹی کے مابین اعتماد کو فروغ حاصل ہوگا،شینزن میں اس سے قبل کوئی بزنس کانفرنس اس قدر کامیاب نہیں ہوئی۔