کاشتکاروں کے لیے گرین ٹریکٹر سکیم شروع کی جا رہی ہے؛ وزیر زراعت

82

لاہور،11جون  (اے پی پی): صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی  نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کاشتکاروں کے لیے گرین ٹریکٹر سکیم شروع کی جا رہی ہے، اس اسکیم کے تحت چھوٹے، درمیانے اور بڑے ٹریکٹرز سبسڈی پر کاشتکاروں کو فراہم کیے جائیں گے۔

ان خیالات کا  ناہوں نے ایگریکلچر ہائوس لاہور میں گرین ٹریکٹر سکیم سے متعلق منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ یہ ایک سال کی سکیم ہو گی،کسانوں کو ٹریکٹرز کی ڈلیوری تک کا تمام سسٹم میکنائزاڈ ہو گا۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر میکنائزڈ سسٹم نہ ہوا تو تمام یہ سکیم بے فائدہ ہو جائے گی۔ٹریکٹر کا کلر “گرین”ہو گا اور اس پر وزیراعلیٰ پنجاب ٹریکٹر سکیم درج ہوگا۔اس سکیم کو میں خود مانیٹر کروں گا۔

 سید عاشق حسین کرمانی نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا ویژن ہے کہ اس سکیم کو بڑے پیمانے پر لانچ کیا جائے۔ ٹریکٹر کی خرید کے سلسلے میں کاشتکار کو آپشن دیا جائے کہ وہ جس مرضی کمپنی کا معیاری ٹریکٹر خرید یں، اس سکیم سے فارم میکنائزیشن کو فروغ حاصل ہوگا۔ گرین ٹریکٹر کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ٹریکٹر انڈسٹری کے نمائندوں کو واضح کیا کہ گرین ٹریکٹر کی تیاری کے وقت محکمہ زراعت پنجاب کی ایس اوپیز کو مدنظر رکھنا لازم ہوگا۔

اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ اس اسکیم سے نہ صرف کاشتکاروں بلکہ ٹریکٹر انڈسٹری کو بھی فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹریکٹروں کی فراہمی راستوں کی وصولی اور قرعہ اندازی شفاف انداز میں منعقد کرائی جائے گی۔ گرین ٹریکٹر سکیم کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ٹریکٹر انڈسٹری کو ڈلیوری کیلئے دی جانے والی ٹائم لائن کو لازما فالو کرنا ہوگا۔