کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس کا انعقاد

30

ڈیرہ غازی خان۔20 جون(اے پی پی ):ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں عید ایام کے دوران 4675 میٹرک ٹن ویسٹ اٹھایا گیا اور عید سے متعلق تمام 1377 عوامی شکایات پر بھی بروقت داد رسی کی گئی۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے زیرو ویسٹ پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔

   کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنرز،ایڈیشنل کمشنر ریونیو ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ،اسسٹنٹ کمشنرز،چیف آفیسرز اور متعلقہ افسران شریک تھے۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ 47 درجہ حرارت اور جھلسا دینے والی گرمی میں صفائی آپریشن سال کا مشکل ترین ٹاسک تھا جسے ٹیم ورک سے مکمل کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنرز سے لیکر سینیٹری ورکرز تک تمام مبارکباد کے مستحق ہیں ۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید آپریشن میں حصہ لینے والوں کےلئے ایک ماہ کی تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے اس کے علاؤہ ڈویژن،ضلعی اور تحصیل سطح پر  تقریبات منعقد کی جائیں گی جس میں سینیٹری ورکرز کی حوصلہ افزائی کےلئے اسناد دی جائیں گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈی جی خان ڈویژن سے 4675 میٹرک ٹن ویسٹ اٹھایا گیا۔3614 عارضی کولیکشن پوائنٹس بنائے گئے۔قربانی کی تمام 9431  جگہوں کو صاف کیا گیا۔

ڈی جی خان ڈویژن میں 435 ڈمپنگ سائٹ بنائی گئیں۔عید سے متعلق تمام 1377 عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کیا گیا۔