ڈیرہ غازی خان۔ 29 جون (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی اور ضابطہ اخلاق کی پاسداری کیلئے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔ہوٹلز،سرائے اور زیر تعمیر عمارتوں کو چیک کیا جائےگا۔
اس حوالے سے کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز،ڈی پی اوز اور متعلقہ افسران شریک تھے۔اجلاس میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی طرف سے رواں سال معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے جس سے ڈی جی خان ڈویژن میں دریاؤں اور رود ھ کوہیوں کے سیلاب کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام محکمے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے موک ایکسر سائز جلد مکمل کرلیں۔ڈرینز،ندی نالوں کی صفائی اور شگاف بند کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پہاڑوں سے نکلنے والی رود ھ کوہیوں کے پانی کو دریا تک محفوظ راستہ دینا ہوگا۔اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے بھی مشینری تیار رکھی جائے۔کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق،وقت اور روٹس کی پابندی کرائی جائے اور جلوس کے روٹس کی صفائی بروقت کرائی جائے۔ہوٹلز،سرائے اور روٹس کے نزدیک زیر تعمیر عمارتوں کی سویپنگ کرائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ لاؤڈ سپیکر ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائےگا۔فرقہ واریت کو ہوا دینے والے علماء خطباء، ذاکرین کی زبان بندی اور ضلع بندی پر عمل کرایا جائے۔کمشنر نے کہا کہ مجالس،جلوسوں کا آڈیو،ویڈیو ریکارڈ مرتب کیا جائے اور وال چاکنگ، ممنوعہ بینرز اور پوسٹرز ہٹائے جائیں۔