سرگودھا،7جون(اے پی پی): کمشنر سرگودھا ڈویژن محمد اجمل بھٹی نے کہا ہے کہ کپاس کی کاشت کا ہدف مکمل کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ،محکمہ زراعت کی فیلڈ ٹیمیں و دیگر متعلقہ محکمے ون یونٹ کے طور پر کاشتکاروں کے شانہ بشانہ شریک ہیں۔ کپاس کی کاشت کے لئے رواں ماہ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کے مطابق کپاس کی کاشت سے چنائی تک تمام متعلقہ محکمے کاشتکاروں کی معاونت جاری رکھیں گے۔وہ جمعہ کو اپنے دفتر کے کانفرنس روم میں کپاس کی کاشت کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ ڈویژنل مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان اور ڈائریکٹر زراعت شاہد حسین سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر خوشاب ، میانوالی اور بھکر نے آن لائن شرکت کی۔اجلاس کے دوران شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ امسال سرگودھا ڈویژن میں کپاس کی کاشت کا ہدف ایک لاکھ 97 ہزار پانچ سو ایکڑ مقرر کیا گیا ہے جس میں سے 1 لاکھ 53 ہزار 617ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت کی جا چکی ہے جو کہ ہدف کا 78 فیصد ہے۔
کمشنر نے واضح کیا کہ کپاس کے پیداواری اہداف کے حصول کے لئے تمام اداروں کو قومی جذبہ کے تحت اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہو گی۔ کاٹن ایکشن پلان 2023-24 پر عملدرآمد سے 3 ارب ڈالر زرمبادلہ کا حصول ممکن ہو گا جس سے ملکی معیشت کو استحکام حاصل ہوگا۔ انہوں نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کپاس کے سیزن کے دوران معیاری زرعی مداخل کی مارکیٹ میں دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر زراعت نے کسان کارڈ کے اجزاء بارے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔