کراچی۔ 17 جون (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے عیدالاضحیٰ کی نماز گورنر ہاؤس کراچی کی مسجد میں ادا کی۔اس موقع پر مختلف اسلامی ممالک کے قونصل جنرلز، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی اورمعزین شہرنے بھی گورنر ہاٶس میں نماز عید اداکی۔متحدہ عرب امارات، ترکیہ، بحرین ،ایران، ملاشیاء اور افغانستان کے قونصل جنرلز شامل تھے۔
عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کرنے کے بعد گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے ان کے ہمراہ گورنر ہاؤس میں اونٹوں،بیلوں اور بکروں کی قربانی کی۔گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے اسلامی ممالک کے سفیروں کے ہمراہ لوگوں میں قربانی کے جانوروں کا گوشت تقسیم کیا جبکہ اس موقع پر مستحق افراد میں راشن کے تھیلے بھی تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کامران خان ٹیسوری نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی اور خاص طور پر عید کے موقع پر مستحق اور بے سہارا لوگوں کی مدد کرنے پر زور دیا۔قونصل جنرلز نے گورنر سندھ کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ عید کے دنوں میں بھی مستحق افراد کا خیال رکھنا قابل تحسین عمل ہے۔