اسلام آباد جون 04 (اے پی پی): گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے منگل کو یہاں چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختیار احمد سے ملاقات کی جس میں خیبر پختونخواہ میں ہائیر ایجوکیشن کے شعبے کی ترقی اور یونیورسٹیوں میں بین الاقوامی معیار کے مطابق تعلیم کی فراہمی کے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
گورنر خیبر پختونخواہ نے چیئرمین ایچ ای سی کو ہدایت کی کہ صوبے میں ہائر ایجوکیشن کی بہتری کے لیے موثر اقدامات اور طالب علموں کے لیے بین الاقوامی معیار کے مطابق تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں ۔
انہوں نے گومل یونیورسٹی کو در پیش مسائل اور مشکلات کے متعلق بھی بات کی اورکہا کہ یونیورسٹی کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اوران کے مسائل کو حل کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں ا س کے علاوہ انہوں نے صوبے کے طالب علموں کے لیے سکالرشپ بڑھانے کے لیے کہا ۔
گورنر خیبر پختونخواہ کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کا روشن مستقبل باصلاحیت نوجوانوں کے ہاتھوں میں محفوظ ہے،نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جن کو درست رہنمائی اور اعلیٰ تعلیم کی معیاری سہولیات فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ طالب علموں کو جدید طریقوں سے روشناس کروایا جائے تاکہ وہ اپنی پیشہ وارانہ زندگی میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔