اسلام آباد ۔14جون (اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے دیرینہ مطالبے چشمہ رائٹ بینک لفٹ کم گریوٹی کینال کے منصوبے کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے تقریبا انیس ارب روپے مختص کرنے اور صوبائی حکومت کی جانب سے اس منصوبے کے لیے 10 ارب روپے مختص کرنے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیئرمین واپڈا کا خاص طور پر مشکور ہوں ، امید ہے کہ اسی سال چشمہ رائٹ بینک لفٹ کم گریوٹی کینال کے منصوبے سنگ بنیاد رکھیں گے۔
پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ بجٹ سے قبل پرائم منسٹر سے خیبر پختونخوا کے حوالے سے ملاقات ہوئی تھی جس میں ہم نے میں خیبر پختونخوا کے اہم پراجیکٹس کے حوالے سے بات چیت کی تھی ۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے چیئرمین واپڈا سے بھی اس حوالے سے مشاورت کی ہے اور یہ تجویز دی ہے کہ چشمہ لفٹ کینال کی موجودہ پمپنگ جو تقریبا 60 فٹ کی ہے اس کو بڑھا دیا جائے تو ابھی ہمارا رقبہ جو تقریبااڑھائی لاکھ ایکڑ آباد ہو رہا ہے وہ تقریبا ساڑھے پانچ سے چھ لاکھ ایکڑ تک آباد ہو جائے گا ۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ چیئرمین واپڈا نے اس بات کی یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ اس حوالے سے اپنی ٹیم کے ساتھ بات کریں گے ، میں پر امید ہوں کہ لفٹ کینال کے والیوم کو بڑھا کر اس سے زیادہ زمین کو سیراب کر سکیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ 1991 کے کارڈ کے بعد پانی کا جو شیئر خیبر پختون خوا کا حصہ بنتا تھا وہ ابھی تک استعمال نہیں ہوا باقی تین صوبوں میں ان کی نہریں تقریبا مکمل ہونے کے قریب ہیں جن میں کچی کینال ، رینی کینال تھل تقریبا مکمل ہونے کے قریب ہیں لیکن چشمہ رائٹ بینک کینال پر ابھی تک کام شروع نہیں ہو سکا تھا، انشاءاللہ ہم اس منصوبے کو اس سال شروع کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا دوسرا بڑا مسئلہ چکدرا ،دیر، چترال موٹروے کے حوالے سے تھا اس منصوبے کو ماضی میں سرد خانے میں ڈالا گیا اس کے روٹ کو چینج کیا گیا میں نے اس حوالے سے ایم ایچ اے اور وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بات کی ہے اور ہم کوشش کر رہے ہیں کہ اس چکدرہ دیر چترال موٹروے پر بھی جلد کام شروع کریں گے۔